فلموں تک محدود نہیں رہنا چاہتی ٹی وی پر بھی کام کروں گی حمائمہ ملک

کیمرے سے باتیں کرنا،تاثرات دکھانا انتہائی مشکل ترین کام،وہی لوگ کرپاتے ہیں،جو فنی صلاحیتوں سے مالامال ہوں، اداکارہ

کام کرتی رہی،باصلاحیت لوگ ملتے رہے جن کی رہنمائی کی بدولت میں ایک عام لڑکی سے ایک سپراسٹاربن گئی، اداکارہ۔ فوٹو:فائل

اداکارہ وماڈل حمائمہ ملک نے کہا ہے کہ ایکٹنگ کیلیے خود کوصرف فلموں تک محدود نہیں رکھنا چاہتی۔ مجھے ٹی وی ڈراموں میں جب کوئی اچھا کردارآفرہوگا تومیں ضرور کام کروں گی۔

'' ایکسپریس '' سے گفتگوکرتے ہوئے حمائمہ ملک نے کہا کہ جس طرح ریمپ پر واک اورٹی وی کمرشل میں ماڈلنگ کرنا بہت آسان دکھائی دیتا ہے اسی طرح لوگوں کا خیال ہے کہ فلم میں ایکٹنگ کرنا بھی شاید بہت آسان کام ہے لیکن میں یہ بات اپنے تجربے کی روشنی میں کہنا چاہتی ہوں کہ کیمرے سے باتیں کرنا اوراپنے تاثرات دکھانا انتہائی مشکل ترین کام ہے۔ یہ صرف وہی لوگ کرپاتے ہیں، جوخداد فنی صلاحیتوں سے مالامال ہوں۔


حمائمہ ملک نے کہا کہ ایکٹنگ جس قدرمشکل کام ہے ، اتنا ہی دلچسپ بھی ہے۔ ایک وقت تھا جب خوبصورت پیراہن، قیمتی جیولری اورلانگ ہیل کے ساتھ ریمپ پرواک کرتے ہوئے ڈرلگتا تھا اوراس کیلیے بہت تیاری کرنا پڑتی تھی۔ کیونکہ ریمپ پرواک کرنے کا ایک مخصوص انداز ہے، جس کے بغیرریمپ پرچلنا بے معنی سا لگتا ہے۔ پھرٹی وی کمرشلٍ کا دورشروع ہوا اوریہ مرحلہ بھی خاصا مشکل تھا لیکن کڑی محنت اورآگے بڑھنے کے جذبے نے ان تمام مشکلات سے بچایا اوران امتحانات کوپاس کرتے ہوئے فلم کی طرف آئی توپھر پیچھے مڑکردیکھنے کا وقت ہی نہ ملا۔ میں کام کرتی رہی اورباصلاحیت لوگ مجھے ملتے رہے۔ جن کی رہنمائی کی بدولت میں ایک عام لڑکی سے ایک سپراسٹاربن پائی۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ سفربہت مشکل تھا لیکن ایک مقام پرپہنچنے کے بعد سب کچھ اچھا لگنے لگتا ہے۔ لیکن میں سمجھتی ہوں کہ ابھی تومیری شروعات ہے اورمجھے بہت آگے تک جانا ہے۔ کیونکہ جب تک اس شعبے میں نہیں آئے تھے تویوں محسوس ہوتا تھاکہ یہ سب بہت آسان ہے اوراس کام کوکرنے کیلیے کچھ خاص جتن کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ مگراس کام کوکرنے کے بعد پتہ چل رہا ہے کہ یہ بہت مشکل اورباریک کام ہے۔ یہ دور سے جتنا آسان دکھائی دیتا ہے، اتنا ہی چیلنجنگ ہے۔ ایک کردارکونبھانا اوراس کواپنے اوپرتاری کرنا ہرکسی کے بس کی بات نہیں۔

 
Load Next Story