ایشیا کپ پاک بھارت میچ کے ٹکٹ چند گھنٹے میں فروخت

میزبان اماراتی کرکٹ بورڈ کو بیشتر میچز میں اسٹینڈز بھرے رہنے کی امید

میزبان اماراتی کرکٹ بورڈ کو بیشتر میچز میں اسٹینڈز بھرے رہنے کی امید۔ فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاک بھارت میچ کے ٹکٹ چند گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئے جب کہ میزبان اماراتی بورڈ کو بیشتر میچز میں اسٹینڈز بھرے رہنے کی امید ہے۔

ایشیا کپ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک یواے ای میں کھیلا جائے گا ،6 ملکی ایونٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا ، بنگلہ دیش، افغانستان اور ایک کوالیفائر ٹیم حصہ لے گی،ٹورنامنٹ کے مختلف میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے،ان میں سے زیادہ توجہ کا مرکز ہمیشہ کی طرح پاکستان اور بھارت کا 19ستمبر کو کھیلا جانے والا مقابلہ بنے گا، گزشتہ روز ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوئی تو روایتی حریفوں میں مقابلے کے تمام ٹکٹ چند گھنٹوں میں ہی فروخت ہوگئے،اس کے ساتھ ہی شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے خدشات کا بھی خاتمہ ہوگیا۔


قبل ازیں بی سی سی آئی عہدیداروں کی جانب یہ اعتراض سامنے آیا تھا کہ بھارتی ٹیم کا ایک میچ 18ستمبر کو کوالیفائر سے شیڈول کیے جانے کے اگلے روز ہی پاکستان سے مقابلہ کیوں رکھا گیا، شیڈول میں تبدیلی کا مطالبہ بھی سامنے آیا تھا۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ کے ٹکٹوں کی قیمت 20 سے 750 درہم رکھی گئی ہے۔

اماراتی کرکٹ بورڈ کے نائب چیئرمین خالد الزارونی نے کہاکہ ایشیا کپ جیسے میگا ایونٹ کی میزبانی ہمارے لیے بڑے افتخار کی بات ہے،اسٹار کرکٹرز کی موجودگی میں ہم یادگار میچز کی توقع کررہے ہیں، امید ہے کہ اسٹینڈز بھرے رہیں گے اور شائقین کو بہترین کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا بہترین موقع ملے گا۔

 
Load Next Story