افغان ٹیم نے کیویز کو ناکوں چنے چبوا دیے میچ ہار گئی دل جیت لیے

نیوزی لینڈ پر فتح کیلیے 199 رنز کا تعاقب کرنے والی افغان ٹیم 9 وکٹ پر 190 رنز تک محدود رہی۔


Sports Desk August 15, 2012
آئی سی سی انڈر19ورلڈکپ میں بھارتی بیٹسمین کمل پاسی کا جارحانہ اسٹروک، انھوں نے 5 گیندوں پر24 رنز بنانے کے بعد 6 وکٹیں بھی حاصل کیں (فوٹو : ایکسپریس)

انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ میں افغانستان نے کیویز کو ناکوں چنے چبوا دیے، گوکہ اسے8 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم عمدہ کھیل سے شائقین کے دل ضرور جیت لیے،دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو6 وکٹ سے شکست دے کر سپرلیگ کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی،بھارت نے زمبابوے کو63 رنز سے ہرایا، رائٹ آرم میڈیم پیسر کمل پاسی نے6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، نمیبیا کیخلاف جنوبی افریقہ نے رنز کا پہاڑ کھڑا کرتے ہوئے209 رنز کے بڑے مارجن سے فتح پائی، سنچری میکر اوپنرزکوئنٹون ڈی کوک اور چاڈ بووئس نے212رنز کی بڑی شراکت بنائی۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ پر فتح کیلیے 199 رنز کا تعاقب کرنے والی افغان ٹیم 9 وکٹ پر 190 رنز تک محدود رہی،اسے اختتامی اوور میں فتح کیلیے 17رنز درکار تھے لیکن8 رنز ہی جوڑ پائی،26 پر 5 ابتدائی بیٹسمینوں کے میدان بدر ہونے پر محب اللہ پاک (21 ) اور نجیب اللہ زدران (69) نے62 کی شراکت سے مجموعے کو 88 تک پہنچایا۔

اس کے بعد زدران اور افسر خان کے درمیان ساتویں وکٹ کیلیے51 کی شراکت بنی،افسر47 کی اننگز کھیل کر اختتامی اوورکی دوسری گیند پر آئوٹ ہوگئے،جیکب ڈیفی اور میتھیوکیوئن نے4،4 وکٹیں اپنے نام کیں،اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں198رنز اسکور بورڈ پر سجاکر پویلین لوٹی،روبرٹ اوڈونیل69 اورہینری والش52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سید شیرزاد اور یامین احمدزئی نے 4، 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔آئرش ٹیم کینگروز کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے42.5 اوورز میں 129رنز بنا کر آئوٹ ہوئی، ریان ہنٹر31رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، الیکس گریگوری اور شین کیسل نے 3،3 وکٹیں لیں۔

آسٹریلیا نے ہدف 40.3 اوورز میں 4 وکٹ پر حاصل کرلیا، کپتان ولیم بوسسٹو 36 پر ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارت نے زمبابوے کو 63 رنز سے شکست دی، فاتح ٹیم نے 6 وکٹ پر261رنز جوڑے، کپتان انکمت چاند78 اور پرشانت چوپڑا 57 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے،کیمبل لائٹ نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، میلکولم لیک کے118رنز زمبابوے کو فتح نہ دلا سکے، ٹیم44.1 اوورز میں198 پر رخصت ہوگئی، کمل پاسی نے 23رنز دے کر 6 وکٹیں لیں۔ جنوبی افریقہ نے اپنے دوسرے میچ میں نمیبیا پر 209رنز سے ہاتھ صاف کیا، پروٹیز نے 6 وکٹ پر 359 کا مجموعہ پایا۔

اوپنرز کوئنٹوں ڈی کوک اور چاڈ بووئس نے پہلی وکٹ کیلیے 212رنز کی بڑی شراکت بنائی، ڈی کوک126ا ور بووئس 115 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، جیہان کیولیٹے 36 پر ناٹ آئوٹ رہے،زیواگو نے 3وکٹیں لیں، نمیبیئن ٹیم 150 پر ہمت ہارگئی، تھیونس ڈی برائن نے 4 پلیئرز کو میدان بدر کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں