عید قربان

سُنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے فنکاربرادری پیش پیش

سُنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے فنکاربرادری پیش پیش۔ فوٹو:فائل

دنیا بھرمیں بسنے والی امت مسلمہ عیدالاضحی روایتی مذہبی عقیدت اوراحترام کے ساتھ مناتی ہے۔ اس دن سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے اللہ کی راہ میں جانور قربان کئے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عیدالفطر کی آمد سے قبل جس طرح خواتین، بچے اور مرد حضرات شاپنگ میں مصروف دکھائی دیتے ہیں، اسی طرح عیدالاضحی کے موقع پر سجائی جانے والی مویشی منڈیوں میں لوگوں کا ہجوم دکھائی دیتاہے۔

ہرکوئی اللہ کی راہ میں جانورکی قربانی کیلئے خریداری کرتا دکھائی دیتاہے۔ کوئی بکرا لیتا ہے توکوئی دنبہ، کوئی گائے لیتا ہے توکوئی اونٹ۔ اس موقع پرسب سے دلچسپ بات یہ ہوتی ہے کہ بڑے توبڑے چھوٹے بچے بھی قربانی کے جانور کی خریداری میں پیش پیش نظرآتے ہیں۔ واقعی یہ مناظراس بات کا ثبوت ہیں کہ دنیا بھرمیں بسنے والی امت مسلمہ کی طرح پاکستان کے مسلمان بھی سنت ابراہیمی کوعقیدت ، احترام اورجذبے کے ساتھ مناتے ہیں۔

ویسے تو ہمارے ہاں زندگی کے تمام شعبوں کے لوگ سنت ابراہیمی ادا کرتے ہیں لیکن فنون لطیفہ سے وابستہ فنکار بھی اس معاملے میں کسی سے کم نہیں ہیں۔ ویسے توانہیں بنائوسنگھار کے حوالے سے ایک طبقہ طعنے مارتا دکھائی دیتا ہے لیکن مذہبی رسومات اورتہواروںکوفنکاربرادری بھی عقیدت و احترام سے مناتی ہے۔ اس سلسلہ میں ''ایکسپریس '' سے بات کرتے ہوئے معروف فنکاروں نے عیدالاضحی کے حوالے سے دلچسپ اورمعلوماتی گفتگو کی جو ژ قارئین کی نذرہے۔

گلوکارواداکارعلی ظفر نے کہا کہ سنت ابراہیمی سے جہاں ہمیں اپنے بیٹے جیسی عظیم ترین چیز بھی اللہ تعالیٰ کے حکم پر قربان کرنے کا سبق ملتا ہے وہاں یہ عید ہمیں ایثار کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستحقین، غرباء، بیوائوں، یتیموں، مسکینوں اور ناداروں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کا درس دیتی ہے۔ اس لئے عید کی خوشیوں میں ہمیں ان مستحق لوگوں کا خیال رکھنا چاہئے جوسال بھر اس تہوارکا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔

اداکارہ سارہ لورین نے کہا کہ اس مرتبہ عیدقربان کا مزہ دوبالا ہوجائے گا۔ ایک طرف تو عمران خان نے بطوروزیراعظم پاکستان اپنا عہدہ سنبھال لیا اوردوسری جانب اب امید ہے کہ پاکستان کی تعمیروترقی کا سفرشروع ہوگا لیکن اس موقع پرپوری قوم کواپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ سب کویہ عہد کرنا ہوگا کہ اس عظیم مقصد کیلئے اپنے مال وجان تک قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

گلوکارہ حدیقہ کیانی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور نبی کریم ﷺ کی خوشنودی حاصل کرنے کا آسان ذریعہ دکھی انسانوں کی خدمت اور انہیں اپنی خوشیوں میں برابر کا شریک کرنا ہے۔ اداکارہ روپ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں شہداء وطن کے خاندانوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ شہداء وطن کی یاد میں عید قربان نہایت سادگی سے منائی جائے۔ قوال سکندرمیانداد خان نے کہا کہ مسلمان عید کی خوشیوں میں دنیا بھرکے دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کوضرور یاد رکھیں۔

مصائب و مشکلات میں گھرے متاثرہ بھائیوں ، غرباء و مساکین، کشمیری مہاجرین ، ورثاء شہداء اور مستحقین کو عید الاضحی کی خوشیوں میں شریک کرنا ہم سب پر فرض ہے۔ گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا کہ مخیرحضرات کو چاہیئے کہ وہ بڑھ چڑھ کر مستحق افراد کی مدد کا فریضہ انجام دیں تاکہ ہمارے مستحق بہن بھائی بھی عید کی خوشیوں کو مناسکیں۔

گلوکارہ سارہ رضا خان نے کہا کہ عیدالاضحی کی موقع پر مسکینوں، بیوائوں اور غریبوں کا خاص خیال رکھیں، خلق خدا کی خدمت اور عوام کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا اصل پیغام اور قربانی ہے عید قربان امت کو متحد ہونے کا درس دیتی ہے۔


اداکارنیئراعجازنے کہا کہ عید الاضحی مسلمانوں کو اپنے ایمان اور ملک وملت کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتی ہے۔ معاشرے کے مخیر حضرات کمزور طبقات کو بھی عیدکی خوشیوں میں شریک کریں تاکہ سنت ابرا ہیمی کے تمام تقاضے پورے ہو سکیں۔

اداکارایوب کھوسہ نے کہا کہ عیدالفطرکی طرح عیدالاضحی کا تہوار مسلمانوں کے نزدیک خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اس دن دنیا بھرکے مسلمان سنت ابراہیمی اداکرتے ہوئے جانوروں کوقربان کرتے ہیں۔ لیکن ہمیں اللہ کی راہ میں جانورقربان کرنے کے ساتھ ساتھ قربانی کے اس فلسفے کوسمجھنے اوراس پرعمل کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ جب تک ہم اس پرعمل نہیں کرتے ، اس وقت تک ہم اچھے انسان نہیں بن سکتے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم دوسروں کا خیال رکھیں اورملک کی ترقی کیلئے مل کرجدوجہد کریں۔

اداکارکاشف محمود نے کہا کہ قربانی کیلئے ہمیشہ کی طرح جانور توخرید لئے ہیں اورمیری طرح فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی فنکاربرادری عیدقربان کو بھرپور انداز سے مناتی ہے۔ لیکن میرے نزدیک سب سے ضروری عمل یہ ہے کہ ہم ان لوگوںکا خیال رکھیں، جودو وقت کی روٹی کیلئے دربدرکی ٹھوکریں کھاتے ہیں۔ اپنے فریج اورفریزربھرنے کی بجائے اگرہم قربانی کے گوشت کومستحق افراد تک پہنچائیں تووہ خوش ہونگے۔

فیشن فوٹوگرافراور ڈائریکٹرعدنان قاضی نے کہا کہ 'عمل کا دارومدارنیت پرہے '۔ میں سمجھتا ہوںکہ عیدقربان پرجانورقربان کرنے کے ساتھ ساتھ اگرہم اپنے اردگردکے ماحول کوبہتربنانے کیلئے کچھ کریں تویہ بھی ایک بہترین عمل ہے۔ ہم الحمدللہ مسلمان ہیں اوراپنے مذہبی تہواروں اوررسومات کوروایتی عقیدت اور احترام کے ساتھ مناتے ہیں۔ جہاں تک مستحق لوگوںکی امداد یا ان کا خیال رکھنے کی بات ہے توہمیں فخرہے کہ ہمارا اس مذہب سے تعلق ہے، جس کا اولین درس ہی انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔ لیکن اس وقت ہمارا ملک جس مشکل دورسے گزررہا ہے، ہم سب کواس کی سلامتی اورترقی کیلئے بہت سی قربانیاں دینے کی ضرورت ہے۔

گلوکارہ صنم ماروی نے کہا کہ عید کا مزہ توبچپن میں ہی آتا تھا۔ لیکن جب سے عملی زندگی میں قدم رکھا ہے توبس کام ، کام اورکام پرفوکس کیا ، لیکن ہمارے گھرمیں ہمارے بچے بڑے شوق سے قربانی کے جانورلاتے ہیں اورانہیں اللہ کی راہ پرقربان کرتے ہیں۔ جہاں تک بات قربانی کے گوشت کی ہے تومیری اولین کوشش ہوتی ہے کہ اس گوشت کومستحق لوگوں تک پہنچائوں اوردن بھریہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔

اداکار فوادخان نے کہا کہ عید کے تہوارتوخوشیوں کا پیغام لے کر آتے ہیں اوران تہواروں میں ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ ناراض رشتے داروںکو گلے ملنے پر مجبور کرتے ہیں۔ عیدقربان کی بات کروں تواس دن سنت ابراہیمی باقاعدگی سے ادا کی جاتی ہے اورمیری کوشش رہتی ہے کہ مستحق لوگوںکوان کا حق دیاجائے۔ یہی سبق ہمیں اس قربانی سے ملتا ہے جس پر عمل کرنا ہرمسلمان کا اولین فرض ہے۔

گلوکاریاسراخترنے کہا کہ میں برطانیہ میں رہتا ہوں لیکن یہاں بسنے والی مسلمان کمیونٹی عقیدت واحترام کے ساتھ مناتی ہے۔ یہاں پاکستان جیسی عید کا مزہ تونہیں ہے لیکن پھربھی ہم کوشش کرتے ہیں کہ اپنی نئی نسل کومذہبی تہوار اور رسومات کوروایتی عقیدت سے منانے کیلئے سبق دیں۔ میری دعا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پرپاکستان میں لوگ امن کے ساتھ عید منائیں اورکوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

 
Load Next Story