فلاحی ریاست ہی پاکستان کے قیام کا مقصد تھاسیاسی رہنما

ڈی ایم سیز میں جشن آزادی روایتی جوش وخروش سے منایا گیا،تقریبات کا انعقاد

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر ڈاکٹر مختار پلیجو لانڈھی زون میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقائم امیر برجیس احمد نے کہا ہے کہ فلاحی ریاست ہی پاکستان کے قیام کا مقصد تھا اسے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جشن آزادی کے موقع پر ادارہ نورحق میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے وائس چیئرمین ظفر قائم خانی نے کہا کہ پاکستان جن اندرونی و بیرونی خطرات سے دوچار ہے اسے دور کرنے کیلیے ہمیں چاہیے کہ ہم قائداعظم ؒکے افکار پر عمل اور ان کے فلسفے کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے والے عناصر سے نجات حاصل کریں۔


ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوم آزادی کے موقع پر عارضی بیت الحمزہ پر ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب میں شریک کارکنان و عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تحریک منہاج القرآن کے سرپرست اعلیٰ طاہر القادری نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر وطن عزیز کے ہر فرد کو ملک میں مثبت تبدیلی کیلیے باہر آکر ملک بچانے کی جدوجہد کرنا ہوگی۔

جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے سولجربازار میں یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر عہد کیا جائے کہ ملک کو خوشحال اور امن و آتشی کا گہوارہ بنایا جائے گا ، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز میں منگل کو جشن آزادی روایتی جوش وخروش سے منایا گیا، میونسپل کمشنربلدیہ شرقی شفیق الرحمن نے جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر ڈاکٹر مختار پلیجو نے کہاکہ بلدیہ ملیر کی تعمیر وترقی کا تسلسل برقرار رکھیں گے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلدیہ ملیر کے مرکزی دفتر اور لانڈھی زون میں پاکستان کے 66 ویں جشن آزادی کے موقع پر صبح 7:55پر پرچم کشائی کرتے ہوئے کیا، بلدیہ غربی میں جشن آزادی کی تقاریب کا آغاز ایڈمنسٹریٹربلدیہ غربی قمر شیخ نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ سبز ہلالی پرچم ہوا میں لہرا کر کیا،عمیر ثناء فائونڈیشن اورسندھ میڈیکل یونیورسٹی کے اشتراک سے یوم آزادی کے حوالے سے جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں تھیلیسیمیا کے 300سے زائدبچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے۔
Load Next Story