عید سے ایک روز قبل بیوپاریوں نے مویشی کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دیں

رواں سال مویشی منڈی میں11ہزارسے زائدٹرکوں میں مویشی لائے گئے،گزشتہ سال18ہزارٹرک بھرکرمویشی لائے گئے تھے

منڈی میں ایک لاکھ92 ہزار سے زائد مویشی لایا گیا تھا، بیوپاریوں نے آخری روزخریداروں کے رش کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔ فوٹو : پی پی آئی

عید الاضحی سے ایک روز قبل بیوپاریوں نے مویشی کی قیمتیں آسمان پر پہنچادیں۔

سپرہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں عید الاضحی سے قبل شہریوں نے سنت ابراہیمی ادا کرنے کے لیے جانور خریدنے مویشی منڈی کا رخ کیا، خریدار مناسب قیمت میں جانور خریدنے کی تلاش میں مصروف رہے، اس موقع پر منڈی میں موجود خریداروں کا کہنا تھا کہ بیوپاری آخری روز کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔


منڈی میں جانور بڑی تعداد میں فروخت کیے جاچکے ہیں اور جو جانور اس وقت موجود ہے ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، بیوپاری اپنی من مانی قیمت میں جانور فروخت کر رہے ہیں،امسال مہنگائی کی روک تھام کے لیے حکومتی اقدامات عمل میں نہیں لائے گئے،دوسری جانب بیوپاریوں کا کہنا تھا کہ جانور منڈی تک لانے میں اخراجات کے مطابق پیسے وصول کر رہے ہیں ،مہنگائی بڑھنے کے باعث خریداروں کو شکایات ہیں ۔

علاوہ ازیں جن بیوپاریوں کے جانور فروخت ہوگئے،وہ سامان سمیٹ کر اپنے آبائی علاقوں کیلیے روانہ ہوگئے، متعدد بیوپاری منڈی میں لایا ہوا اپنا جانور فروخت کرنے کی کوشش میں مصروف رہے،واضح رہے کہ اس سال منڈی میں گزشتہ سالوں کی بہ نسبت مویشی کی تعداد خاصی کم رہی، منڈی میں ایک لاکھ92 ہزار سے زائد مویشی لایا گیا تھا رواں سال قائم مویشی منڈی میں11 ہزار سے زائد ٹرک بھر کر مویشی لایا گیا،گزشتہ سال 18ہزار سے زائد کی تعداد میں ٹرک بھر کر مویشی لایا جاتا رہا ہے۔
Load Next Story