پیٹرسن باہرانگلش پلیئرز کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے

کسی ایک کرکٹر کے جانے سے ٹیم کمزور نہیں ہوتی(سوان)اسکواڈ زیادہ بہتر ہو گیا، بریسنن


Sports Desk August 15, 2012
کسی ایک کرکٹر کے جانے سے ٹیم کمزور نہیں ہوتی(سوان)اسکواڈ زیادہ بہتر ہو گیا، بریسنن ۔ فوٹو فائل

تیسرے ٹیسٹ میں کیون پیٹرسن کے ڈراپ ہونے سے بعض انگلش پلیئرز کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، گریم سوان کا کہنا ہے کہ کسی ایک کھلاڑی کے جانے سے ٹیم کمزور نہیں ہوتی، ون ڈے سے پیٹرسن کی ریٹائرمنٹ کا ہمیں فائدہ ہوا ہے، ٹم بریسنن نے کہاکہ اب ٹیم پہلے سے زیادہ بہتر ہوگئی، ہم کسی ایک منتخب نہ ہونے والے پلیئر کا غم کیوں کریں۔

تفصیلات کے مطابق کیون پیٹرسن کو ٹیکسٹ تنازع کے بعد جنوبی افریقہ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کیے جانے کے بعد بعض انگلش کرکٹرز کی عداوت اور پیشہ ورانہ حسد کھل کر سامنے آ گئی،دوسرے ٹیسٹ میں مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد پیٹرسن نے کہا تھا کہ انھیں ٹیم میں سیاست کا سامنا ہے،انگلینڈ کے موجودہ ڈریسنگ روم میں رہنا ان کیلیے دشوار ہوگیا، بعد میں انھوں نے ٹیم میں اختلافات کا تاثر دینے پر معافی تو مانگی مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ اپنے بھی کچھ ساتھی کھلاڑیوں سے تعلقات زیادہ بہتر نہیں تھے۔

گذشتہ روز انگلش آف اسپنر گریم سوان نے اپنے ایک اخباری کالم میں لکھا کہ صرف ایک کھلاڑی کی غیرموجودگی کا مطلب یہ نہیں کہ ہماری ٹیم کمزور ہوگئی، ہم سب کا مقصد ٹیم کو فتح دلانا ہوتا ہے ایسا نہیں کہ کوئی ایک کھلاڑی باقی 10 سے مختلف ہے۔

سوان نے مزید کہا کہ جب سے کیون پیٹرسن ون ڈے سے ریٹائرڈ ہوئے ہم محدود اوورز کے فارمیٹس میں ناقابل شکست ہیں۔ دوسری جانب جب آل رائونڈر ٹم بریسنن سے جب پیٹرسن کی غیرموجودگی کے انگلینڈ پر اثرات کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ یہ اب پہلے سے زیادہ بہتر سائیڈ بن گئی، ایک باصلاحیت کھلاڑی کی جگہ دوسرا قابل کھلاڑی آگیا، ہم کسی ایسے انفرادی پلیئرکا غم کیوں کریں جو سلیکشن کیلیے دستیاب ہی نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں