ایشین گیمز چینی سوئمر نے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

لیو ژیانگ نے 50 میٹر ویمنز بیک اسٹروک میں ہموطن زائو جینگ سے اعزاز چھین لیا


Sports Desk/AFP August 22, 2018
ویٹ لفٹر ڈیاز کا فلپائن کیلیے پہلا گولڈ میڈل، شوٹنگ میں بھارت کا طلائی تمغہ۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

ایشین گیمز میں چینی سوئمر لیو ژیانگ نے ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 50 میٹر ویمنز بیک اسٹروک میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

لیو ژیانگ نے مقررہ فاصلہ 26.98 سیکنڈز میں طے کرکے اپنا پہلا ورلڈ ٹائٹل قبضے میں کیا جب کہ ان کی یہ پرفارمنس نیا ورلڈ ریکارڈ بھی شمار ہوئی۔ ان سے قبل ان کی ہی ہموطن ژائو جینگ نے روم میں 2009 میں اس ایونٹ میں 27.06 سیکنڈ کی پرفارمنس سے ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ویٹ لفٹر ہیڈیلین ڈیاز نے فلپائن کیلیے پہلا گولڈ میڈل حاصل کرلیا، ڈیاز نے ویمنز 53 کے جی کلاس میں محض ایک کلوگرام کے فرق سے گولڈ میڈل پایا ، ترکمانستان کی کرسٹینا شیرمیٹووا نے سلور میڈل جیتا، تھائی لینڈ کی کھامبائو سروڈچنا نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔

میزبان انڈونیشیا کیلیے ایکو یولی ایروان نے ٹائٹل جیتا، انھوں نے مینز 62 کے جی ایونٹ میں کامیابی پائی، اس مقابلے کو دیکھنے کیلیے انڈونیشیا کے صدر جوکو ویڈوڈو بھی اسٹیڈیم میں موجود رہے، ٹرینا نے سلوراور ازبکستان کے اڈکھیجون نے برانز میڈل پایا۔16 سالہ بھارتی شوٹر سورابھ چوہدری نے کیریئر کا پہلا بڑا ٹائٹل جیت کر ایشین گیمز میں نیا ریکارڈ بنادیا، انھوں نے 10 میٹر ایئرپسٹل ایونٹ میں پہلی پوزیشن پائی، ان کا اسکور 240.7 رہا۔

جاپان کے ٹومو یوکی میٹسوڈا نے 239.7 اسکور کے ہمراہ دوسری پوزیشن پائی جبکہ تیسرے نمبر پر بھارت کے ہی ابھیشک ورما رہے، جن کا اسکور 219.3 رہا، یہ شوٹنگ میں بھارت کا پہلا گولڈ میڈل رہا، ان سے قبل دیپک کمار اور لکشے نے 10 میٹر ایئر رائفل اور مینز ٹریپ ایونٹس میں سلور میڈلز لیے تھے، مینز 50 میٹر رائفل ایونٹ میں چین کے ہوئی زیچونگ نے طلائی تمغہ پایا، بھارت کے سنجیو راجپوت نے سلور اورجاپانی شوٹر میٹسوموٹو تاکا یوکی نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔