عامر اورجوہی کی دوستی میں دراڑ پڑنے کی وجہ سامنے آگئی

عامرمیرا انتہائی خاص دوست تھا اور دوستی کا وہ تعلق میرا کسی اور کے ساتھ نہیں رہا ، جوہی چاؤلہ

عامر کے مذاق کی وجہ سے میں اگلے دن شوٹنگ پر بھی نہیں آئی، جوہی چاؤلہ

بالی ووڈ کی ماضی کی صف اول کی اداکارہ جوہی چاؤلہ نے انکشاف کیا ہے کہ عامر خان کے ایک مذاق کی وجہ سے ان کی دوستی میں دراڑ آگئی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جوہی چاؤلہ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ 'میں اور عامر خان فلم کے سیٹ پر بچوں کی طرح لڑتے تھے اور وہ ہمیشہ مذاق کرکے مجھے بہت تنگ کیا کرتا تھا۔

جوہی نے مزید بتایا کہ عامر خان صرف میرے ساتھ ہی نہیں بلکہ سیٹ پر ہر دوسری اداکاراؤں کے ساتھ بھی مذاق کرتا رہتا تھا تاہم میرے لیے وہ انتہائی خاص دوست تھا اور دوستی کا وہ تعلق میرا کسی اور کے ساتھ نہیں رہا جب کہ وہ چھوٹی چھوٹی باتوں کو اطمینان کے ساتھ تفصیل سے سمجھایا کرتا تھا۔


جوہی چاؤلہ نے بتایا کہ ایک دن فلم اسٹوڈیو میں عامر اچانک سنجیدہ موڈ میں میرے پاس آئے اور کہا کہ وہ ہاتھ کی لکیریں پڑھنا جانتے ہیں پھر انہوں نے میری ہتھیلی اپنے ہاتھ میں لی اور کچھ بتائے بغیر ہاتھ پٹخ کر بھاگ گئے جو مجھے بہت بُرا لگا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ عامر کے اس مذاق نے مجھے نہ صرف رلایا بلکہ مجھے اس حرکت پر غصہ بھی بہت آیا، اور غصے میں اگلے دن شوٹنگ پر بھی نہیں آئی، جب کہ ہم نے شوٹنگ کے علاوہ ایک دوسرے سے بات کرنا بھی بند کردی تھی اور یہ سلسلہ 6 سال تک جاری رہا۔

اس دوران ہماری کوئی بات نہیں ہوئی تاہم بعد میں احساس ہوا کہ وہ بہت احمقانہ فیصلہ تھا۔ بعد ازاں میں نے خود عامر کے پاس جاکر بات کرنے میں پہلی کی۔
Load Next Story