آئرلینڈ سے ون ڈے ماضی کی تلخ یادیں پاکستانی اعصاب پر سوار

پال اسٹرلنگ پر قابو پانے کیلیے حکمت عملی تیارکرلی(مصباح)کارکردگی میں خاصی بہتری آگئی،مضبوط حریف کی شناخت...،میزبان کوچ


Sports Desk May 23, 2013
کلونٹرف کلب گرائونڈمیں پاکستانی پیسر عرفان ٹریننگ کررہے ہیں، آئرلینڈ سے پہلا ون ڈے آج ہوگا۔ فوٹو: فائل

آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو ڈبلن کے کلونٹرف کرکٹ کلب گراؤنڈ پر کھیلا جائیگا۔

مقابلے سے قبل ماضی کی تلخ یادیں پاکستانی اعصاب پر سوار ہیں، پلیئرز کسی صورت میزبان کو2007 ورلڈکپ کی تاریخ دہرانے کا موقع دینے کے موڈ میں نہیں ہیں، جب شکست کے بعد کوچ باب وولمر بھی انتقال کر گئے تھے۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل جلد از جلد انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے خواہاں گرین شرٹس بارش کے سبب اسکاٹ لینڈکیخلاف دوسرے میچ میں پریکٹس سے محروم رہے، اب لو اور سلو پچ پر خامیاں دور کرنے کی کوشش کرینگے، گذشتہ روز سخت سرد موسم میں پلیئرز نے بھرپور پریکٹس کی،آئرش پلیئرز بھی ٹریننگ کرتے دکھائی دیے، ٹیم اپ سیٹ کا خواب پورا کرکے ملکی پرستاروں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کا عزم لیے میدان میں اترے گی، مہمان بیٹنگ لائن کو ٹم مرٹیگ کا چیلنج درپیش ہوگا، جنید خان، محمد عرفان اور سعید اجمل میزبان بیٹسمینوں کیون اوبرائن اور پال اسٹرلنگ کا اعتماد متزلزل کرنے کیلیے کوشاں ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2007 کے سب سے بڑے اپ سیٹ کی ناقابل فراموش یادیں رکھنے والی پاکستان اور آئر لینڈ کی ٹیمیں جمعرات کو ایک بار پھر مقابل ہوں گی، چیمپئنز ٹرافی کی مہم جوئی سے قبل گرین شرٹس نے خامیاں دورکرنے کیلیے اسکاٹ لینڈ سے سیریزشیڈول کی، پہلے میچ میں مڈل آرڈر کی ناکامی کے بعد مصباح الحق نے ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا قابل قدر مجموعہ تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا، سعیداجمل نے ایک آل راؤنڈر کی کمی پوری کرتے ہوئے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا، دیگر بیٹسمین بھرپور پریکٹس نہ کرسکے، دوسرے مقابلے میں بیٹنگ میں ابتدائی ناکامی کے ازالے کا موقع مل سکتا تھا لیکن بارش نے امیدوں پر پانی پھیر دیا،پاکستانی کھلاڑی اب آئرلینڈ سے میچ میں ردھم حاصل کرنے کیلیے کوشاں ہوں گے، گرین شرٹس اس وقت عالمی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر موجود جبکہ آئرش ٹیم5 درجے پیچھے ہے۔



اسکاٹش سائیڈ نے پاکستان کو231 تک محدود کرنے کے بعد ایک وکٹ کے نقصان پر 50سے زائد رنز بھی بنالیے تھے مگر بعد ازاں جنید خان اور سعید اجمل نے کاری ضربیں لگا کر فتح سے کوسوں دور کردیا،کپتان کائیل کوئٹزر نے کہا تھا کہ اگر ایسا موقع آئر لینڈ کو ملتا تو کامیابی ناممکن نہ رہتی، پاکستان کیلیے بھی اس خطرے کو نظر انداز کرنا آسان نہیں ہوگا۔ ورلڈ کپ2007 میں شکست سے دوچار ہونیوالے گرین شرٹس کے 3 کھلاڑی محمد حفیظ، کامران اکمل اور شعیب ملک موجودہ اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں،حفیظ کو میگا ایونٹ کے بعد 3 برس تک ٹیم سے باہر رہنا پڑا تاہم اس کے بعد انھوں نے مستقل جگہ بنائی اور اب ورلڈ نمبر ون آل راؤنڈر ہیں، لو اور سلو پچ پر بیٹنگ ایک بار پاکستان کیلیے امتحان ثابت ہوسکتی ہے، مصباح الحق بھرپور فارم کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیں گے۔

کپتان نے گرین شرٹس کی گزشتہ 3 فتوحات میں نصف سنچریاں بنائیں، اتنے ہی مقابلوں میں ان کا بیٹ نہیں چلا اور ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، ٹاپ آرڈر کو مضبوط کرنے کیلیے ایک بار پھر 3 اوپنرز کا تجربہ کیا جاسکتا ہے، کاؤنٹی کرکٹ میں تہلکہ مچانے والے آئرش بولر ٹم مرٹیگ ہوم کنڈیشنز میں گرین شرٹس کیلیے خطرناک ثابت ہوں گے، میزبان ٹیم کو اگرچہ کاؤنٹی میں سسیکس کی طرف سے 72.75 کی اوسط سے رنز بنانے والے ایڈ جوائس اور پُراعتماد اوپنر پال اسٹرلنگ کے ساتھ دیگر اچھے بیٹسمینوں کی خدمات بھی حاصل ہیں، تاہم جنید خان اور محمد عرفان کے پیس اٹیک کے بعد کرشماتی اسپنر سعید اجمل اور رنز دینے میں انتہائی کنجوس محمد حفیظ کا سامنا کرناکسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ آئر لینڈ کے 7کھلاڑی کاؤنٹی کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔



دیگر 4 مجموعی طور پر 230 کے قریب ون ڈے انٹرنیشنلز میں شرکت کرچکے، ان میں سب سے خطرناک کیون اوبرائن گزشتہ ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری کے ذریعے انگلینڈ کی شکست میں اہم کردار ادا کرچکے، ان کے ساتھ کپتان ولیم پورٹر فیلڈ، ٹرینٹ جانسٹن اور نیل اوبرائن بھی پاکستان کیخلاف اکلوتی فتح کے ہیروز میں شامل تھے، ایک بار پھر شدید خواہش ان کے دل میں مچل رہی ہے کہ پہلی بار اپنے کراؤڈ کے سامنے گرین شرٹس کو زیر کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر کرلیں۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 4 ون ڈے کھیلے جاچکے ہیں، ورلڈ کپ میں ایک جیت کے سوا آئرلینڈ کو کوئی کامیابی نہ حاصل ہوسکی، مئی 2011 میں کھیلی جانے والی گزشتہ سیریز میں پاکستان نے کلین سوئپ کیا تھا۔پاکستانی قائد مصباح نے کہا ہے کہ پال اسٹرلنگ ایک اچھے بیٹسمین ہیں، ان کی 2011 میں سنچری ابھی تک یاد ہے، اوپنر پر قابو پانے کیلیے حکمت عملی تیارکرلی ہے۔آئرلینڈ کے کوچ فل سمنز کا کہنا ہے کہ ہماری کارکردگی میں خاصی بہتری آگئی ، ایک مضبوط حریف کی شناخت برقرار رکھنا چاہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں