عید کے دوسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کی گئی

عزیز و اقربا میں قربانی کا گوشت تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ مستحق افراد کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا گیا

مسلمان عید کے دوسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی میں مصروف ہیں۔ فوٹو : فائل

عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی میں اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری رہا، کراچی میں خوش گوار موسم نے عید کی خوشیوں کو دو بالا کردیا۔

پاکستان بھر میں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رہا۔ علی الصبح اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی گئی۔ عزیز و اقربا میں قربانی کا گوشت تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ مستحق افراد کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا گیا۔


حکومتی اداروں کی جانب سے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگایا جا رہا ہے تاہم کئی علاقوں سے تاحال آلائشیں نہ اٹھائے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جس سے تعفن پھیل گیا ہے۔ کراچی میں سندھ سولڈ ویسٹ بورڈ اور کے ایم سی نے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگایا۔

خوشگوار موسم میں ناشتہ کرنے شہر کے معروف پکوان سینٹرز میں لوگوں کا تانتا بندھ گیا جب کہ عید کے دوسرے روز بھی گھروں میں روایتی اور لذیذ کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی تیاریاں کی گئیں۔ رشتہ داروں اور دوست احباب سے عید ملنے کے علاوہ تفریح مقامات پر بھی لوگوں کا ہجوم ر ہا۔

دوسری جانب کراچی میں ابر رحمت نے عید خوشیوں کو دو بالا کر دیا۔ یونیورسٹی روڈ، اسکیم 33، گلستان جوہر سمیت کئی علاقوں میں ہونے والی ہلکی بارش اور کہیں کہیں بوندا باندی سے موسم سہانا ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے لاہور اور اسلام آباد میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
Load Next Story