دہلی پولیس مزید 4 کرکٹرز پر ہاتھ ڈالنے کے قریب

ایک غیرملکی بھی شامل، بھارتی کرکٹ ٹیم کا کوئی کھلاڑی ایماندار نہیں، سٹے باز

ایک بنگلہ دیشی کرکٹر کے کیس میں ملوث اور بی پی ایل میں فکسنگ کا انکشاف۔ فوٹو: فائل

دہلی پولیس اسپاٹ فکسنگ کیس میں2 ٹیموں کے مزید 4 کرکٹرز پر ہاتھ ڈالنے کے قریب پہنچ گئی، ان میں ایک غیرملکی بھی شامل ہے، ان کے نام شری شانتھ نے پوچھ گچھ کے دوران لیے تھے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ چونکہ چاروں پلیئرز کی کوئی ٹیلی فونک گفتگو ہمارے ہاتھ نہیں لگی لہذا پختہ ثبوت جمع ہونے پر ہی انھیں گرفتار کریں گے۔ دوسری جانب ایک سابق سٹے باز نے دعویٰ کیاکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا کوئی کھلاڑی ایماندار نہیں ہے، دنیش کالگی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ شری شانتھ و دیگر گرفتار شدہ 2 پلیئرز تو چھوٹی مچھلیاں ہیں اور جو کچھ سامنے آیا وہ نیا نہیں ہے، کوئی بھی20 ،25 لاکھ روپے کیلیے اپنا ایمان نہیں بیچتا، بڑی سطح پر فکسنگ آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، لندن اور دبئی میں ہوتی ہے، اصل حقائق کبھی سامنے نہیں آ سکتے۔




ادھر اسپاٹ فکسنگ کیس کے تانے بانے بنگلہ دیش سے بھی ملنے لگے، گرفتار شدہ بکی سنیل بھاٹیہ نے بی پی ایل کے بھی چند میچز میں فکسنگ کا اعتراف کر لیا، اس نے باغی آئی سی ایل کے بعض مقابلوں کے بھی نتائج پہلے سے طے کیے تھے۔ فکسنگ کیس میں ایک معروف بنگلہ دیشی کرکٹر کے شامل ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، حیران کن طور پر اس نے کبھی آئی پی ایل میں حصہ نہیں لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں اختیار حاصل نہیں لہذا اس سے پوچھ گچھ نہیں کر سکتے۔

ذرائع کے مطابق اس پورے بیٹنگ ریکٹ کو چلانے والے بکی کا نام سنیل ابھیچندانی عرف سنیل دبئی ہے، اس نے فرسٹ کلاس کرکٹر باؤراؤ یادیو کا بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے کا انتظام کرایا، اس سے بکی کے وہاں اثرورسوخ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
Load Next Story