دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں شاہد غوری

کراچی میں سب صحیح نہیں ہے، حکومت اپنی ناکامی کو چھپانے کیلیے حقائق پر پردہ ڈالنے میں مصروف ہے،شاہد غوری۔


Staff Reporter August 15, 2012
سنی تحریک کے رہنما شاہد غوری بلدیہ ٹائون میں فائرنگ سے جاں بحق کارکنان کی نماز جنازہ پڑھارہے ہیں ۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ، پاکستان سنی تحریک کے کارکنوں کے پے در پے قتل اور قاتلوں کی عدم گرفتاری حکومت پولیس انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، کراچی میں سب صحیح نہیں ہے، حکومت اپنی ناکامی کو چھپانے کیلیے حقائق پر پردہ ڈالنے میں مصروف ہے، کراچی میں کون بے گناہ افراد کو قتل کررہا ہے حساس ادارے اور حکومت اچھی طرح جانتی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت سندھ نے کراچی کے امن کو تباہ کرنے کیلیے دہشت گردوں کو لائسنس دے دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے چاندنی چوک پر ڈسٹرکٹ ویسٹ کے انچارج آفتاب چشتی اور کارکن فہیم قادری کی نمازِ جنازہ کے بعد چاندنی چوک سعید آباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شاہد غوری نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر دہشت گردوں نے ہمیں لاشوں کے تحفے دیے ہیں، کارکنان صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، انھوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، ان کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، شاہد غوری نے صدر، وزیراعظم، گورنرسندھ، وزیراعلیٰ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیں اور قاتلوں کی گرفتاری کو یقینی بنا کر انھیں سخت سزا دی جائے، بعدازاں دونوں کارکنان کو مواچھ گوٹھ میں سپرد خاک کردیا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں