وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا

اجلاس میں حکومت کے ابتدائی سو دن کے ایکشن پلان پرعملدرآمد کی حکمت عملی کاجائزہ لیا جائے گا


ویب ڈیسک August 23, 2018
اجلاس میں وزارت کیڈ کو ختم کرنے کی منظوری بھی دی جاسکتی ہے، ذرائع فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کو حلقوں سے اسلام آباد پہنچنے کا حکم دیتے ہوئے کابینہ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں جہاں حکومت کے ابتدائی سو دن کے ایکشن پلان پرعملدرآمد کی حکمت عملی کاجائزہ لیا جائے گا وہیں عمران خان خارجہ پالیسی پربھی بات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں سیکیورٹی انتظامات پرخصوصی بریفنگ دی جائے گی۔ وزارت کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) کو ختم کرنے کی منظوری بھی دی جاسکتی ہے، وزارت کیڈ کے اداروں کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کر دیا جائے گا، ان اداروں کو مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے سپرد کیا جاسکتا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل وزیراعظم وزارت خارجہ کا دورہ بھی کریں گے جہاں انہیں بھارت، افغانستان، ایران، امریکا، چین اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پربریفنگ دی جائے گی۔

وزیراعظم کو بھارت کے ساتھ تنازعات، مسئلہ کشمیر، کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی کی صورت حال سے آگاہ کیا جائے گا۔ عمران خان خارجہ پالیسی کے حوالےسے گائیڈلائنز بھی دیں گے۔

کابینہ اجلاس کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی شام ساڑھے 4 بجے پریس کانفرنس میں وزیراعظم کی گائیڈلائنز کی روشنی میں خارجہ پالیسی کا احاطہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں