زرداری نواز شریف ملاقات انتقال اقتدارکی طرف پہلا قدم

دونوں طرف برف پگھلتی ہوئی دکھائی دی، ملکی صورتحال پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے


مظہر عباس May 23, 2013
دونوں طرف برف پگھلتی ہوئی دکھائی دی، ملکی صورتحال پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے. فوٹو: آن لائن

11 مئی کے انتخابات کے بعد بدھ کو صدر آصف زرداری اور ن لیگ کے صدر میاں نواز شریف کی پہلی ملاقات ہوئی، اس ملاقات کو انتقال اقتدار کی طرف پہلا قدم کہا جاسکتا ہے۔

اس ملاقات سے برف پگھلتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ملاقات میں نواز شریف نے میثاق جمہوریت پر عملدرآمد کے عزم کا بھی اظہار کیا جبکہ صدر زرداری نے انھیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ملاقات کے ملکی حالات پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ صدر زردای پہلے صدر ہونگے جو اپنی مدت پوری کرینگے اور انھوں نے پارلیمنٹ سے5 بار خطاب کیا ہے۔ کسی منتخب حکومت کا5 سال پورے کرنا، اسمبلیوں کی وقت پر تحلیل، چیف الیکشن کمشنر اور نگراں حکومتوں کی متفقہ تشکیل اور الیکشن کا بروقت انعقاد کافی عرصے سے ہماری سیاست سے غائب تھا۔ دونوں سیاستدانوں نے مفاہمت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔



نواز شریف پہلے ہی سندھ میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے اتحاد کو تعاون کی یقین دہانی کرا چکے ہیں جس سے ان افواہوں کو بھی تقویت ملتی ہے کہ صدر زرداری ن لیگ کو سندھ حکومت میں شمولیت کی پیشکش کر سکتے ہیں۔ ن لیگ حکومت بنانے کے بعد سندھ میں میٹروبس، پشاور اور کراچی کے درمیان بلٹ ٹرین چلانے کے منصوبوں کا اعلان کرسکتی ہے۔ ابھی دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات کے بعد کی صورتحال کو دیکھنا ہے، خاص طور پر شہباز شریف نے جس طرح صدر زرداری کیخلاف سخت رویہ اختیار کر رکھا تھا، کیا اب نواز شریف شہباز شریف کو زیادہ سخت رویہ اختیار نہ کرنے کا کہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں