یمن میں سعودی اتحادی افواج کے حملے میں 22 بچے اور 4 خواتین جاں بحق

سعودی اتحادی فوج نے یمن میں پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا


ویب ڈیسک August 24, 2018
اتحادی افواج نے ایک پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا۔ فوٹو : فائل

OYEM: یمن میں سعودی اتحادی افواج کے فضائی حملے میں 26 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 22 بچے اور 4 خواتین شامل ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی اتحادی فوج نے یمن میں بحیرۂ احمر کی بندرگاہ الحدیدہ سے 20 کلومیٹر دور ایک پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملہ کیا جس کی زد میں آکر بچوں اور خواتین سمیت 26 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ اسی علاقے میں حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں ایک بچے کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق فضائی حملے میں بے گناہ خواتین اور معصوم بچوں کی ہلاکت پر نوٹس لیتے ہوئے حکام نے ذمہ داروں کو سخت سزائیں دینے کی یقین دہانی کرائی ہے اور متاثرین کو معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے بھی واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ تین سال سے یمن میں سعودی عرب اتحادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان جاری جھڑپوں میں الحدیدہ بندر گاہ پر قبضے کے لیے جنگ میں شدت آگئی ہے۔ اس جنگ کے دوران بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے واقعات رونما ہوئے ہیں جس میں بچوں، بزرگوں اور خواتین بھی بڑی تعداد میں جاں بحق ہوئیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ دو ہفتے قبل بھی اسکول بس پر حملے میں کم از کم 29 بچے جاں بحق ہو گئے تھے جس پر اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی رہنماؤں نے اتحادی افواج پر شدید تنقید کی تھی۔دوسری جانب حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے سرحدی شہر نجران پر تین ماہ کے دوران درجنوں میزائل داغے تاہم سعودی ایئر ڈیفنس نے انہیں ناکارہ بنا دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں