1997 کی طرح پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ چوری کیاگیاامین فہیم

نواز شریف کوووٹ دینے کا فیصلہ پارٹی کریگی، اکثریت رکھنے والا اپوزیشن لیڈر بن جائیگا

سندھ کی وزارت اعلیٰ کا مطالبہ نہیں کیا، متحدہ کو حکومت کا حصہ بننے کی پیشکش کردی۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے صدر مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ11مئی کے انتخابات میں1997کی طرح پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، اب بھی ہم وہی کریں گے جو1997میں کیا تھا۔

سندھ میں وزارت اعلیٰ کا مطالبہ نہیں کیا ، سندھ حکومت کا حصہ بننے کیلیے ایم کیو ایم کوپیشکش کردی ہے، نواز شریف کو اعتماد کا ووٹ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ پارٹی کرے گی، پیپلزپارٹی ن لیگ کے ساتھ مل کر چلنے اور ٹانگیں نہ کھینچنے کے حوالے سے ہونیوالے معاہدے پر اب بھی قائم ہے ، قومی اسمبلی میں اکثریت رکھنے والا اپوزیشن لیڈر بن جائے گا۔ بدھ کو ایوان صدر میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے امین فہیم نے کہاکہ سیاست میں کبھی کوئی چیز ناممکن نہیں ہوتی ، میں نے پارٹی سے سندھ کی وزارت اعلیٰ کا مطالبہ نہیں کیا میں نے ہی قومی اسمبلی میں سید خورشید شاہ کو قائد حزب اختلاف بنانے کی تجویز دی تھی۔




انھوں نے کہاکہ حقیقت ہے کہ اگر پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی مل جائیں تو مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انھوں نے نواز شریف کو اعتماد کا ووٹ دینے سے متعلق سوال پر کہا کہ اعتماد کا ووٹ دینے یا نہ دینے کافیصلہ پارٹی کریگی ۔ انتخابات میں ہار کوئی معنی نہیں رکھتی ۔ پارٹی فیصلہ کریگی کہ سندھ میں وزیراعلیٰ کون ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ سندھ اور مرکز میں پیپلزپارٹی کے ساتھ چلنے کی ایم کیو ایم کو آفر کردی ہے اور مذاکرات جاری ہیں ۔ کچھ جماعتوں کی جانب سے عمران خان کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ جس کی اکثریت ہوگی وہ اپنا اپوزیشن لیڈر بنا لیں گے۔
Load Next Story