’کلاشنکوف‘ کمپنی نے بجلی بھری ’الیکٹرک سپر کار‘ بھی بنالی

الیکٹرک سپر کار ایک بار چارج ہونے کے بعد 350 کلومیٹر تک دوبارہ چارج کیے بغیر سفر کرسکتی ہے

الیکٹرک سپر کار کو ماسکو میں ہونے والی ڈیفنس ایکسپو میں پیش کیا گیا۔ (فوٹو: کلاشنکوف میڈیا)

مشہورِ زمانہ مشین گن اے کے 47 المعروف ''کلاشنکوف'' کے خالق، روسی اسلحہ ساز ادارے نے اپنی معمول کی روِش چھوڑ کر ایک بالکل ہی مختلف کام کیا ہے: اس ادارے نے ایک نئی ''الیکٹرک سپر کار'' پیش کردی ہے۔

خبروں کے مطابق 'کلاشنکوف' نے ماسکو میں ہونے والی دفاعی نمائش (ڈیفنس ایکسپو) میں جدید اسلحے کی جگہ ایک نئی الیکٹرک سپر کار پیش کرکے سب کو حیران کر دیا۔ حاضرین نے پیٹرول، ڈیزل یا سی این جی کے بجائے بجلی سے چلنے والی اس ''الیکٹرک سپر کار'' میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔


الیکٹرک سپر کار کو 1970 کے عشرے کی ایک مقبول روسی کار کے ماڈل ''آئی زی ایچ کومبی'' (Izh-Kombi) کی طرح بنایا گیا ہے جسے دیکھ کر پہلی نظر میں احساس ہوتا ہے جیسے پرانے زمانے کی یادگاری کار ہو لیکن درحقیقت یہ اندرونی طور پر بہت جدید اور متعدد نئے فیچرز سے لیس ہے۔

کلاشنکوف کی ویب سائٹ پر الیکٹرک سپر کار کی خصوصیات بتاتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ کار میں جدید طرز کا انورٹر نصب کیا گیا ہے جس سے کار کو صرف ایک بار چارج کرنے پر اسے 350 کلومیٹر تک دوبارہ چارج کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

کمپنی نے یہ دعوی بھی کیا ہے کہ الیکٹرک سپر کار دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرے گی جبکہ اپنی منفرد خصوصیات اور ارزاں قیمت کے باعث یہ کار مارکیٹ سے ایلون مسک کے ادارے 'ٹیلسا' سمیت دیگر کئی برانڈز کی اجارہ داری ختم کردے گی۔ تاہم ابھی اس الیکٹرک سپر کار کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
Load Next Story