ریلوے مسافروں کی تعداد میں 34 لاکھ کا اضافہ

گزشتہ مالی سال ساڑھے5کروڑافرادنے سفرکیا،2016-17کے مقابل34لاکھ کااضافہ ہوا


APP August 25, 2018
گزشتہ مالی سال ساڑھے5کروڑافرادنے سفرکیا،2016-17کے مقابل34لاکھ کااضافہ ہوا۔ فوٹو: فائل

مالی سال 2017-18 میں5کروڑ 57لاکھ مسافروں نے ریل کا سفر کیا جبکہ سال 2016-17 کے مقابلے میں ریلوے مسافروں کی تعداد میں 34 لاکھ کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے راولپنڈی ڈویژن رضا علی حبیب نے اے پی پی کو بتایاکہ مالی سال 2015-16 میں ریلوے راولپنڈی ڈویژن میں 52 لاکھ افراد نے ریل کا سفر کیا جبکہ ریلوے راولپنڈی ڈویژن کی انتھک کوششوں اور سفری سہولتوں میں اضافے کی بدولت مالی سال 2017-18 میں 3ارب 40 کروڑ روپے کی آمدن کی اور اس عرصے میں 54 لاکھ افراد نے ٹرین کا سفر کیا۔

ڈی سی او رضا علی حبیب نے قومی خبررساں ایجنسی کو بتایاکہ پاکستان ریلوے نے مالی سال 2017-18 میں مجموعی طور پر 48.59 ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا جوکہ مالی سال 2016-17 میں 38 ارب روپے جبکہ 2012-13 میں محض 18 ارب روپے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ریونیو میں اضافے کیلیے پاکستان ریلوے انتظامیہ نے بھرپور اقدامات کیے جن کی بدولت ریلوے مسافروں کی تعداد میں قابل قدر اضافہ ہوا اور اس کے ساتھ ساتھ ریلوے کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا۔

ڈویژنل کمرشل آفیسر پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن رضا علی حبیب نے اے پی پی کو بتایاکہ پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے مالی سال 2017-18 میں 1 لاکھ 38 ہزار31 مسافروں کو ای ٹکٹنگ کی سہولت فراہم کرتے ہوئے مجموعی طور پر 18کروڑ روپے کا ریونیو اکٹھا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس عرصے میں مجموعی طور پر ملک بھر میں 20 لاکھ 82 ہزار 324 مسافروں نے ای ٹکٹنگ کی سہولت سے استفادہ کیا۔ ای ٹکٹنگ سے راولپنڈی ڈویژن ریلوے کا ریونیو 18 کروڑ جبکہ پاکستان ریلوے کا ملک بھر میں ای ٹکٹنگ سے 2.705 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں ڈی سی او نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ مسافروں کی سہولت کیلیے پاکستان ریلوے نے تقریباً دو برس قبل ای ٹکٹنگ کا دوبارہ اجرا کیا تھا تاکہ ریل مسافر ملک بھر سے کسی بھی جگہ سے ٹکٹس کی بکنگ کراسکیں۔ انہوں نے بتایاکہ ابتدائی طور پر آن لائن سسٹم پاکستان ریلوے کی گرین لائن ایکسپریس سمیت پانچ ریل کارز کیلیے متعارف کروایا گیا تھا۔ ای ٹکٹنگ نظام کی بدولت نہ صرف ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان ریلوے کا اکاؤنٹنگ نظام بھی بہتر ہوا ہے۔

پاکستان ریلوے نے یونائیٹڈ بینک کے اشتراک سے ای ٹکٹنگ کا دوبارہ اجرا کیا تھا۔ مسافر آن لائن ٹکٹوں کی رقوم بذریعہ ڈیبٹ کارڈ، آن لائن، مائیکرو ٹرانسفر، موبی کیش اور ایزی پیسہ کے ذریعے باآسانی ادا کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں