تربیتی کیمپ کے لیے پلیئرز کی ابتدائی فہرست پر آج غور ہوگا

حفیظ اورعماد شامل ہوں گے،سلیکٹرزکی جونیئر ٹیم کے حوالے سے بھی مشاورت

حفیظ اورعماد شامل ہوں گے،سلیکٹرزکی جونیئر ٹیم کے حوالے سے بھی مشاورت۔ فوٹو : ٹوئٹر

ایشیا کپ سے قبل تربیتی کیمپ کیلیے پلیئرز کی ابتدائی فہرست پر آج غور ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے ایشیا کپ کی تیاری کیلیے 2 حصوں پر مشتمل کیمپ لگانے کا فیصلہ کرلیا جس میں 27 کرکٹرز طلب کیے جائیں گے، ہفتے کو لاہور میں سلیکٹرز میٹنگ میں کھلاڑیوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق محمد حفیظ اور عماد وسیم کو بھی فہرست میں شامل کیا جائے گا، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، شعیب ملک، یاسر شاہ، بابر اعظم، محمد عامر، فہیم اشرف، آصف علی، حسن علی، فخر زمان، شاداب خان، محمد عباس، جنید خان، حارث سہیل،امام الحق، عثمان خان شنواری، عثمان صلاح الدین، شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ شامل ہو سکتے ہیں۔


عید کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں آمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا، نیوزی لینڈ اے اور انگلینڈ لائنز کیخلاف میچز کیلیے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی زیر غور لایا جائے گا۔

آج ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی لاہور آمد متوقع ہے، پہلے مرحلے میں بوٹ اینڈ فٹنس کیمپ ایبٹ آباد میں لگایا جائے گا جس کیلیے کھلاڑیوں کی روانگی 28اگست کو ہوگی،دوسرے مرحلے میں کرکٹرز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تیاری کرینگے۔

ذرائع کے مطابق ممکنہ کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس پر خاص توجہ مرکوز رکھتے ہوئے ڈیٹا تیار کیا جائے گا،آئندہ برس ورلڈکپ کا انعقاد انگلینڈ میں ہونے کی وجہ سے زیادہ پیسرز کا انتخاب کرکے اچھا بیک اپ بھی تیار ہوگا،محمد عامر اور حسن علی کو روٹیشن پالیسی کے تحت میدان میں اتارنے کا ارادہ ہے، نوجوان بولرز کی گرومنگ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
Load Next Story