عمران کے وعدوں کی مانیٹرنگ کیلیے ’خان میٹر‘ متعارف

نئے پاکستان کیلیے ووٹ دیا، اب اسے حاصل کرنا بھی ہمارا کام ہے، ویب سائٹ


News Agencies August 25, 2018
نظر رکھنا ضروری ہے کیونکہ ماضی میں وعدے ہوئے کام نہیں، شہریوں کا ردعمل۔ فوٹو: سوشل میڈیا

دبئی کے ایک تاجر نے عمران خان کے وعدوں کی مانیٹرنگ کیلیے ''خان میٹر'' کے نام سے ایک ویب سائٹ متعارف کرادی ہے۔

'خان میٹر' کے فیس بک پیج پر اپنے وڈیو بیان میں تاجر سلمان سعید نے کہا کہ 'ہم اپنے حکمرانوں کوووٹ دے کر ایوانوں میں لے تو آتے ہیں لیکن آج تک ہم نے یاد نہیں رکھا کہ انھوں نے کون سے وعدے کیے تھے اورکیا ایوان میں آنے کے بعد انھوں نے ان وعدوں کو پورا کیا۔ ووٹروں کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ اگر حکمرانوں نے وعدے پورے کیے تو اس سے معاشرے کو کیا فائدہ ہوا اور اگر وہ وعدے پورے نہیں ہوئے اس کی کیا وجہ تھی۔

انھوں نے لکھا کہ انھوں نے نئے پاکستان کے لیے ووٹ دیا اور اب اس کو حاصل کرنا بھی ان کا کام ہے۔ ویب سائٹ میں تحریک انصاف کی طرف سے100 دنوں میں مختلف شعبوں میں کیے گئے وعدوں کا حساب رکھا جائے گا اور جوں جوں کوئی وعدہ پورا ہوگا اس کا اندراج ہو جائے گا۔

خبر ایجنسی کے مطابق سلمان سعید نے تحریرکیا کہ ویب سائٹ پر سول ریفارمز کی کیٹیگری میں اس وقت تبدیلی لائی گئی جب وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عشرت حسین کی نگرانی میں ٹیم تشکیل دی۔

غیرجانبداری سے متعلق سوال پر انھوں نے بتایاکہ ہرکیٹیگری میں مباحثے کی گنجائش موجود ہے، لوگ اس خاص فہرست سے متعلق اپنی رائے دے سکتے ہیں۔

'خان میٹر' پر شہریوں نے اپنی رائے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ یہ تو پارٹی کی اپنی طرف سے بنائی گئی ویب سائٹ ہے جبکہ ان کے جواب میں لکھا گیا کہ اگر پی ٹی آئی نے خود بھی بنائی ہے تو اچھا اقدام ہے۔ ایک اورلکھاری نے لکھاکہ 100 دن کے ایجنڈے کی تشریح انتہائی تنگ نظری سے کی جا رہی ہے۔ 70سال کاگند ایک سال میں نہیں صاف ہو سکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں