تمام صوبوں میں روایتی ووٹ پڑا تبدیلی صرف خیبرپختونخوا میں آئی امیرحیدر ہوتی

پنجاب میں مسلم لیگ (ن)،سندھ میں پیپلز پارٹی اور کراچی میں ایم کیو ایم جیتی،تبدیلی واحد ہمارے صوبے میں آئی،حیدر ہوتی

اے این پی انتخابات میں شکست اور تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتی ہے، امیر حیدر ہوتی فوٹو : فائل

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت انتخابات میں شکست اور تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتی ہے۔


پشاور میں اے این پی کے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خواہش ہے پارلیمنٹ اور نئی اسمبلیاں 5 سالہ مدت پوری کریں، پھر یہ کہنے کا موقع نہیں ملے گا کہ انہیں وقت نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں روایتی طور پر مسلم لیگ (ن)، سندھ میں پیپلز پارٹی، کراچی میں ایم کیو ایم جیتی، تبدیلی واحد ہمارے صوبے اور خاص طور پر پشاور میں آئی۔

امیر حیدر ہوتی کا کہنا تھا کہ الیکشن میں شکست کی وجوہات جاننے کے لئے کمیٹی 2 ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل دھاندلی ہوئی، تمام جماعتوں کو مہم چلانے کی آزادی تھی لیکن ہمیں دہشت گردی کا سامنا تھا، اس موقع پر اے این پی کے صوبائی صدر افراسیاب خٹک کا کہنا تھا کہ نئی صوبائی حکومت مخلوط ہو گی جو زیادہ عرصہ نہیں چلے گی کیونکہ اتحادی پارٹیوں میں وزارتوں کے معاملے پر تضادات ہیں۔
Load Next Story