اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پاکستانی امپائر اسد رؤف چیمپینز ٹرافی کے پینل سے باہر

ممبئی پولیس کی جانب سے اسد رؤف کو کلئیر قرار دیئے جانے کے بعد انہیں پینل میں دوبارہ شامل کیا جاسکتا ہے، آئی سی سی


ویب ڈیسک May 23, 2013
اسد رؤف ہی نے آئی پی ایل کے ان میچز کو سپروائزکیاتھا جن میں سری سانتھ اور دیگر کھلاڑیوں نے اسپاٹ فکسنگ کی تھی. فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اسپاٹ فکسنگ میں پاکستانی امپائر اسد رؤف کا نام آنے پر انہیں چمپیئنز ٹرافی کے امپائرنگ پینل سے باہر کردیا ہے جبکہ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے اس معمالے میں بورڈ کے لاتعلق رہنے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسرپیس نیوز کے مطابق ممبئی پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے بالی ووڈ اداکار وندو دارا سنگھ سے تفتیش کے بعد پاکستانی امپائر اسد رؤف کا نام آنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انہیں آئی سی سی چپمپئنز ٹرافی کے امپائرنگ پینل سے باہر کردیا ہے، آئی سی سی حکام کا کہنا تھا کہ ممبئی پولیس کی جانب سے اسد رؤف کو کلئیر قرار دیئے جانے کے بعد انہیں پینل میں دوبارہ شامل کیا جاسکتا ہے۔

اسد رؤف ہی نے آئی پی ایل کے ان میچز کو سپروائز کیا تھا جن میں سری سانتھ اور دیگر کھلاڑیوں نے اسپاٹ فکسنگ کی تھی جبکہ اسد رؤف اس الزام میں گرفتار وندو دارا سنگھ کے بھی قریبی دوست سمجھے جاتے ہیں، بھارتی میڈیا نے اسد رؤف پر الزام عائد کیا ہے کہ اسدرؤف بکیوں کے ساتھ وندو سنگھ کے ذریعے رابطےمیں تھے، انہوں نے بکیوں سے قیمتی تحائف بھی لئے ہیں جس پر ممبئی پولیس نے انہیں طلب کرلیا ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف نے اسد رؤف کےمعاملےسے پی سی بی کے کسی بھی قسم کے تعلق سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسد رؤف نہ تو پی سی بی کی اجازت سے آئی پی ایل میں امپائرنگ کے لئے گئے نہ ہی انہوں نے اس سلسلے میں بورڈ کو آگاہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اسد رؤف کا ایک بھارتی ماڈل کے ساتھ اسکینڈل منظر عام پر آیا تھا، جس پر آئی سی سی نے ان کی سرزنش کرتے ہوئے کسی بھی کارروائی سے گریز کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں