پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے ٹائی ہوگیا

آئرلینڈ کی ٹیم نے 276 رنز کے تعاقب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔


ویب ڈیسک May 23, 2013
محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 113 گیندوں پر 122 رنز بنائے اورناٹ آؤٹ رہے فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا گیا پہلا ون ڈے میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہوگیا۔

کلونٹرف کرکٹ کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بارش کے باعث 47 اوورز تک کے محدود کئے گئے میچ میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے تاہم ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت آئرلینڈ کو 276 رنز کا ہدف ملا۔ محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 113 گیندوں پر 122 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اسد شفیق 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں عمران فرحت 9، ناصر جمشید 20، کامران اکمل 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان مصباح الحق بغیرکوئی کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے، آئرلینڈ کی جانب سے اے آر کیوسیک اور کے جے اوبرائن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آئرلینڈ کی ٹیم نے 276 رنز کے تعاقب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بناکر میچ ٹائی کردیا، پی آر اسٹرلنگ نے 103 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ کے اوبرائن نے بھی ٹیم کو فتح دلانے کی بھرپور کوشش کرتے ہوئے 84 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ ان کے علاوہ ای سی جوئس نے 32، پورٹرفیلڈ نے 19، جی سی ولسن نے 11، این جے اوبرائن نے 4 اور ڈی ٹی جانسٹن نے 7 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور جنید خان نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2،2 جبکہ محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر کے جے اوبرائن کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔