وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کے اہم اجلاس میں صدارتی امیدوار کی توثیق

تحریک انصاف کے پاس صدارتی امیدوار کے لیے نمبر پورے ہیں، وزیراطلاعات 

پی ٹی آئی رہنماؤں کو صدارتی الیکشن کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دیا جائے گا فوٹو:فائل

تحریک انصاف کی سینئر قیادت کا وزیراعظم کی صدارت اجلاس ہوا جس میں صدارتی امیدوار پر غور کے بعد توثیق کر دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں کے دو اجلاس ہوئے جن میں شاہ محمود قریشی، چوہدری سرور ، میاں محمود الرشید اور صدارتی امیدوار عارف علوی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری ، وفاقی وزیر عامر کیانی، افتخار درانی، یار محمد رند ، خسرو بختیار اور دیگر رہنما شریک ہوئےجس میں ڈاکٹر عارف علوی کی بطور صدارتی امیدوار توثیق کی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فیصلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

صدارتی انتخاب کے نمبر گیم پورے


وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اس وقت صدر کے الیکٹورل کالج کے 685 ووٹ ہیں۔ اجلاس میں نمبر گیم کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد رہنما اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ڈاکٹر عارف علوی آسانی سے کامیاب ہو جائیں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے امید ظاہر کی کہ الیکشن بخیر و خوبی ان کی کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گا۔

ضمنی الیکشن کے لیے حکمت عملی منظور


فواد چوہدری نے ضمنی الیکشن کے بارے میں تحریک انصاف کی حکمت عملی بیان کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے لیے نئی درخواستیں نہیں لی جائیں گی بلکہ اس حوالے سے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، پرانی درخواستوں سے امیدوار تجویز کئے جائیں گے۔

شبلی فراز سینیٹ میں قائد ایوان نامزد


وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ میں قائد ایوان کے لیے شبلی فراز کے نام کی منظوری بھی دی۔ ان کی نامزدگی کی درخواست وزارت پارلیمانی امور کے ذریعے چیئرمین سینیٹ کو بھجوا دی گئی جو سینیٹ سیکرٹریٹ کو موصول ہو گئی ہے۔
Load Next Story