عید کے بعد کالا دھن سفید کرنے کی اسکیم تیار کرنے کا فیصلہ

چیئرمین ایف بی آر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے اجلاس میں ہی اسکیم پر زور دیا تھا


Irshad Ansari August 15, 2012
چیئرمین ایف بی آر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے اجلاس میں ہی اسکیم پر زور دیا تھا۔ فوٹو: فائل

لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے کالے دھن کو سفید کرنے اور غیر قانونی اثاثہ جات و گاڑیوں کو قانونی حیثیت دینے کے لیے عید کے بعد ایمنسٹی اسکیم تیار کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے سینئر افسر نے منگل کو،،ایکسپریس،،کو بتایا کہ ایف بی آر کے نئے چیئرمین نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلے اجلاس میں ان ڈاکیومنٹڈ اثاثہ جات کو ڈاکیومنٹڈ بنانے اور کالے دھن کو سفید کرنے کیلیے ایمنسٹی اسکیم کی طرز پر آؤٹ آف دی باکس حل تلاش کرنے پر زور دیا تھا جس کے تحت ایف بی آر نے فیصلہ کیا ہے کہ عید کے بعد ایمنسٹی اسکیم پر ورکنگ شروع کی جائے گی جس میں اس ایمنسٹی اسکیم کی موڈیلیٹیز بھی طے کی جائیں گی۔

مذکورہ افسر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر جو خدوخال زیر بحث آئے ہیں ان کے مطابق جو ایمنسٹی اسکیم متعراف کروانے کا جائزہ لیا جارہا ہے اس میں وہ اثاثہ جات،منقولہ و غیر منقولہ جائیداد اور رقوم ٹیکس کی خاص شرح ادا کرکے سفید کروائے جاسکیں گے جو لوگوں کے پاس موجود ہیں لیکن لوگوں کی طرف سے اپنے انکم ٹیکس گوشواروں میں ان اثاثہ جات اور رقوم کو ظاہر نہیں کیا جاتا یا وہ لوگ جن کے پاس اثاثہ جات اور رقوم تو ہیں مگر وہ انکم ٹیکس ریٹرن ہی جمع نہیں کروارہے ہیں۔ انھیں موقع دیا جائیگا کہ وہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروائیں اور ان گوشواروں میں اپنے اثاثہ جات ڈکلیئر کریں۔

مذکورہ افسر نے بتایا کہ ابتدائی خدوخال کے مطابق اس ایمنسٹی اسکیم میں ان گاڑیوں کو قانونی حیثیت دینے کا موقع دیاجائیگا جو لوگوں کی طرف سے خریدی گئی ہیں اور ان پر تمام ٹیکس اور ڈیوٹی بھی ادا کی گئی ہے لیکن ان گاڑیوں کو ٹیکس دہندگان نے اپنے انکم ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا ہوا لیکن ابھی ان گاڑیوں کو ایمنسٹی اسکیم کے تحت قانونی حیثیت دینے کی تجویز زیر غور نہیں ہے جو نان ڈیوٹی پیڈ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں