ڈاکوؤں کے 9 رکنی گروہ کی صحافی کی بیٹی کے گھر پر لوٹ مار

2 کاروں میں آنیوالے ڈاکو زیورات،ریال،نقدی،اسلحہ لوٹ کر باآسانی فرار


Staff Reporter May 24, 2013
گلستان جوہر میں ڈکیتی و رہزنی کی بڑھتی وارداتوں کے باعث علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔فوٹو: فائل

گلستان جوہر میں ڈاکوؤں کے9 رکنی گروہ نے مقامی صحافی کی بیٹی کے گھر پر دھاوا بول کر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات،سعودی ریال ، نقدی ، لیپ ٹاپ،لائسنس یافتہ اسلحہ ، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ڈکیتی و رہزنی کی بڑھتی وارداتوں سے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ پولیس وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام ہے، گلستان جوہر بلاک 14 مکان نمبر R-6 میں رہائش پذیر مقامی صحافی مشتاق شاہ کے داماد عادل عظمت تین روز قبل سعودی عرب سے آئے تھے، بدھ کی رات 9 بجے سفید رنگ کی 2 ٹویوٹا کرولا کار میں سوار9 ملزمان ان کے گھر پہنچے۔



جس میں سے3 باہر پہرہ دیتے رہے جبکہ 6 ڈاکوؤں نے گھر میں داخل ہو کر اسلحے کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بناکر بیٹی کے علاوہ داماد کی والدہ ، بہن اور بھابھی کے تمام طلائی زیورات جس کی مالیت 15 لاکھ روپے سے زائد ہے کے علاوہ 20 ہزار ریال ، نقدی ، لیپ ٹاپ ، آئی پیڈ ، لائسنس یافتہ پستول ، بچوں کے کپڑے ، 5 موبائل فون ، 3 پاسپورٹ ، شناختی کارڈ اور اے ٹی ایم کارڈز سمیت دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے، ڈاکوگھر کا مکمل صفایا کرکے باہر کھڑی گاڑیوں میں بیٹھ کر فرار ہوگئے۔

گلستان جوہر میں ڈکیتی و رہزنی کی بڑھتی وارداتوں کے باعث علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے جبکہ سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا علاقے میں دہشت کی علامت بن گئی ہے، واردات کی رپورٹ درج کرا دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔