صدارتی امیدوار پر اپوزیشن میں اختلافات پی پی پی اعتزاز احسن پر ڈٹ گئی

ملک کو اعتزاز احسن کی ضرورت ہے، امید ہے مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتیں اس بات کو سمجھیں گی، خورشید شاہ


ویب ڈیسک August 26, 2018
ملک کو اعتزاز احسن کی ضرورت ہے، امید ہے مسلم لیگ ن اس بات کو سمجھے گی، خورشید شاہ فوٹو:فائل

پاکستان پیپلز پارٹی صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی ہے۔

مشترکہ صدارتی امیدوار پر اپوزیشن میں اختلافات برقرار ہیں اور تاحال کسی نام پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے جبکہ پیپلز پارٹی بھی اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی ہے۔ گزشتہ روز اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس میں حکومت کے مقابلے میں مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر اتفاق ہوا تھا۔ تاہم اپوزیشن جماعتوں خصوصا مسلم لیگ (ن) نے پی پی پی کے تجویز کردہ امیدوار اعتزاز احسن کا نام مسترد کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اعتزاز احسن معافی مانگیں تو ان کے نام پر غور کرینگے

ادھر پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کو اپوزیشن اتحاد کا متفقہ صدارتی امیدوار بنوانے کے لیے پر امید ہے۔ خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ماضی کی تلخیوں کو چھوڑ کر آگے بڑھنا ہوگا، ملک کو اعتزاز احسن جیسے چہرے کی ضرورت ہے، امید ہے مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتیں ہماری اس بات کو سمجھیں گی۔

پی پی پی رہنما نے کہا ہے کہ اپوزیشن سمجھدار ہے، انشاءاللہ تمام جماعتیں ہمارا ساتھ دیں گی، قوی امید ہے اپوزیشن میں اتحاد و اتفاق قائم رہے گا، ن لیگ کے رہنما بھی سمجھدار ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ ان حالات میں کیا کرنا ہے، ہمارا ہدف ہے کہ اپوزیشن ایسی سیاست کرے جس پر ماضی کا سایہ نہ پڑے، شہباز شریف سلجھے ہوئے اپوزیشن رہنما ہیں اور ان پر بڑی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عارف علوی کو اور پی پی پی نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف آج اپوزیشن کے امیدوار کا اعلان کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں