اسپاٹ فکسنگ روکنے کیلیے موثر اقدامات نہیں ہوئے سابق اسٹارز

اسد رؤف کیخلاف عائد کیے جانیوالے الزامات کا ثبوت سامنے آنا چاہیے، عامر سہیل


Sports Reporter May 24, 2013
اسد رؤف کیخلاف عائد کیے جانیوالے الزامات کا ثبوت سامنے آنا چاہیے، عامر سہیل فوٹو: ٹی ایم این

سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے میچ فکسنگ کی روک تھام میں ناکامی پر آئی سی سی اور آئی پی ایل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے،ان کا کہنا ہے کہ دونوں نے اسپاٹ فکسنگ کو روکنے کیلیے موثر اقدامات نہیں کیے۔

سابق کپتان عامر سہیل نے کہا کہ اسد رؤف کیخلاف عائد کیے جانیوالے الزامات کا ثبوت سامنے آنا چاہیے، یہ امر افسوسناک ہے کہ اسپاٹ فکسنگ آئی پی ایل،میچ ریفریز اور اینٹی کرپشن آفیشلزکے سامنے ہو رہی ہے، ان سب کو کیوں سزا نہیں دی جا رہی؟ انھوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس کرکٹرز، بکیز اور آفیشلز کے درمیان روابط کو بے نقاب کرے۔ سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے کہا کہ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو مستعفی ہو جانا چاہیے، انھوں نے راجیو شکلا کی زیر سربراہی آئی پی ایل کمیٹی سے اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔



دوسری جانب سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ کرپشن کیسز میں آئی سی سی نے عدم برداشت کی پالیسی اپنائی ہے، اسد رؤف پر چونکہ الزام لگ چکا اس لیے مزید کسی تنازع سے بچنے کیلیے انھیں چیمپئنز ٹرافی کے امپائرز پینل سے ہٹایا گیا، انھوں نے کہا کہ جب کبھی کرکٹ کی ساکھ بحال ہونے لگے کوئی نہ کوئی تنازع سامنے آ جاتا ہے، اب بھی ایسا ہی ہوا، کھیل سے کرپشن ختم کرنے کیلیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں