بلوچستان فائرنگ 3 افراد ہلاک چیک پوسٹوں پر راکٹ حملے لاش ملی

ڈیرہ بگٹی کالونی میں 2بم دھماکےلاش مستونگ کے علاقے آماچ سے ملی،کوئٹہ جناح ٹائون میں دوگروپوں کے درمیان تصادم ، 2 زخمی


ڈیرہ بگٹی کالونی میں 2بم دھماکے،لاش مستونگ کے علاقے آماچ سے ملی، کوئٹہ جناح ٹائون میں دوگروپوں کے درمیان تصادم ، 2 زخمی۔ فوٹو: فائل

اندرون بلوچستان فائرنگ اور بم دھماکوں اور راکٹ حملوں میں تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے جبکہ ایک نعش برآمد ہوئی، چمن سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق بوغرہ کاریز میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے گھرجانیوالے شخص عبدالغفار کو قتل کردیا اور فرارہوگئے۔

خضدار سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق منگل کے روز خضدار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک تاجر ثناء اﷲ ساسولی کو ہلاک کردیا جو اپنی دکان ہسپتال روڈ پر بیٹھا تھا،قلات میں مسلح افراد نے حملہ کرکے ایک شخص کو ہلاک اور خاتون کو زخمی کردیا یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز قلات کے علاقے میں مسلح افراد نے حملہ کرکے ایک شخص محمد یوسف کو ہلاک جبکہ خاتون بی بی کلثوم کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے نعش اور زخمی کو ہسپتال پہنچادیا گیا نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی مزید کارروائی قلات انتظامیہ کررہی ہے۔

دریں اثناء گوادر کے علاقے میں نامعلوم افراد نے دو راکٹ فائر کیے جو سن سر کے علاقے میں گرے جن میں ایک راکٹ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جبکہ دوسرا راکٹ نہ پھٹ سکا جسے ناکارہ بنادیا گیا۔مقامی انتظامیہ مزیدکارروائی کر رہی ہے،کوہلو سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق نامعلوم افراد نے کوہلو شہر پر دو راکٹ داغے ایک ایف سی قلے اور دوسرا ڈی سی ہائوس کے قریب گر کر پھٹ گئے تاہم کو ئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

علاوہ ازیں بارکھان میں نامعلوم افراد نے ایف سی کی چوکی چار ہزاری پر چھوٹے ہتھیاروں سے حملہ کیا اور بارکھان ہی کے علاقے میں ایف سی کی چوکی پر 2 راکٹ فائر کیے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی،دریں اثناء ڈیرہ بگٹی کے کالونی میں دو بم دھماکے ہوئے جن سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا دھماکے کے فورا بعد لیویز اور اعلی حکام موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات شروع کردی ،منگل کی رات کو ضلع مستونگ کے علاقے آماچ سے لیویز کو دوران گشت ایک لاش ملی جس کے سر میں گولیاں ماری گئی ہیں لیویز نے لاش قبضہ میں لیکر بی ایم سی ہسپتال کوئٹہ منتقل کردی مزید تحقیقات جاری ہے۔

دریں اثناء کوئٹہ کے علاقے جناح ٹائون کلی برات میں دوگروپوں کے درمیان تصادم کے باعث2افراد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق منگل کی شب کلی برات میں دوگروپوں میں معمولی تکرار پر تصادم ہوگیا خنجروں سے حملہ کرکے دوافراد عصمت اﷲ اور رفیق اﷲ کو زخمی کردیا، ژوب سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ژوب کے علاقے نصیرآباد میں زیر تعمیر ٹرک اڈے کے قریب نامعلوم افراد نے ایک راکٹ لانچر فائر کیا جو قریبی علاقے میں زمین پر جاگرا راکٹ فائر ہونے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ذرائع کے مطابق واقعہ زمین کے تنازع کا شاخسانہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں