ایران اور پاکستان سب سے منفی اثر والے ممالک قرار بی بی سی سروے

اسرائیل کا چوتھا نمبر،امریکا اوراتحادی ممالک کے متعلق منفی رائے میںتیزی

چین اوربھارت کے متعلق مثبت عالمی رائے میں تیزی سے کمی ،بی بی سی سروے۔ فوٹو : فائل

بی بی سی کے سالانہ عالمی سروے کے مطابق چین اور بھارت کے متعلق مثبت عالمی رائے میں تیزی سے کمی آئی ہے جبکہ ایران اور پاکستان سب سے منفی اثر رکھنے والے ملک کے طور پرسامنے آئے ہیں۔


امریکا کے متعلق پاکستانیوں کی سب سے منفی رائے ہے۔ دسمبر 2012ء سے اپریل2013ء کے عرصے میں کیے جانیوالے سروے میں 21 ممالک میں 26ہزار299افراد سے 16ممالک اور یورپی اتحاد کے متعلق رائے دریافت کی گئی کہ آیا ان ممالک کا دنیا میں اثرمثبت رہا یا منفی؟ پولنگ فرم گلوب اسکین نے یہ سروے پروگرام آن انٹرنیشنل پالیسی ایٹیچیوڈز (پیپا) کے ساتھ مل کر بی بی سی کے لیے کیا۔پیپا کے ڈائریکٹر اسٹیون کل نے بھارت اور چین کے متعلق کہا کہ'دنیا میں معاشی بحران کے اثرات سے بچنے پر بھارت اورچین کے وقارمیں اضافہ ہواتھا، لگتا ہے اب واپس سست معاشی ترقی اوربڑے پیمانے پربدعنوانی کے باعث رائے بدلی ہے۔

ہوسکتا ہے خواتین سے سلوک کے متعلق اسکینڈلز بھی بھارت کے متعلق رائے پر اثرانداز ہوئے ہوں۔سروے کے مطابق چین کے متعلق مثبت رائے8 پوائنٹس کمی کے بعد 42فیصد رہی جبکہ منفی رائے 8 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 39 فیصد ہو گئی۔ بھارت کے متعلق منفی رائے 35 فیصد جبکہ مثبت رائے 34 فیصدہوگئی ہے۔16 ممالک کی فہرست میں مثبت تاثر رکھنے میں جرمنی پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ برطانیہ لندن اولمپکس کے کامیاب انعقاد کے بعد چوتھی سے تیسری پوزیشن پرآ گیا ہے۔امریکا کے متعلق سب سے زیادہ منفی رائے بالترتیب پاکستان، ترکی اور چین میں ہے۔
Load Next Story