ملک بھر میں شدید گرمی 29 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا 5 ہلاک

پاکپتن، سکھر، پشاور میں بھی احتجاج، ہفتے اور اتوار کو بالائی پنجاب سمیت بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


پاکپتن، سکھر، پشاور میں بھی احتجاج، ہفتے اور اتوار کو بالائی پنجاب سمیت بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات فوٹو: این این آئی

گرمی کی شدید لہر اور بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا، لو لگنے سے 5 افراد جاں بحق اور متعدد افراد بے ہوش ہو گئے جبکہ بجلی کی طویل بندش کیخلاف مختلف شہروں میں مظاہرے ہوئے۔

لاہور میں گرمی کا 29 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ شہروں میں 18 اور دیہات میں20 سے22 گھنٹے بجلی بند رہی۔ نجی ٹی وی کے مطابق گدو پاور پلانٹ میں فنی خرابی سے 4 یونٹ بند ہو گئے جس کی وجہ سے525 میگاواٹ کا اوچ پاور پلانٹ اور 125 میگاواٹ کا حبیب اللہ کوسٹل پاور پلانٹ بھی ٹرپ کر گیا ہے بجلی کے شارٹ فال میں مزید 1450 میگاواٹ کا اضافہ ہو گیا اور ملک میں بجلی کا مجموعی شارٹ فال 7000 میگاواٹ تک بڑھ گیا ہے۔ گدو پاور پلانٹ کے ٹرپ کر جانے سے بلوچستان کو بجلی فراہم کرنے والی مین ٹرانسمشن لائن بند ہو گئی جس سے کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، قلات سمیت صوبے کے 16 اضلاع کے علاوہ سندھ اور پنجاب کے کئی شہراندھیرے میں ڈوب گئے۔

فیصل آباد میں لوم اونرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام لوڈشیڈنگ کیخلاف ریلی نکالی گئی، پاکپتن میں مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کرساہیوال روڈ بلاک کر دی۔ بورے والا میں تاجر اور وکلا تنظیموں کی قیادت میں مظاہرین نے مین گرڈ سٹیشن پر دھاوا بول کر کنٹرول روم پر قبضہ کر لیا اور گرڈ اسٹیشن پر موجود عملے کو کسی بھی فیڈر کی بجلی بند کرنے سے روک دیا۔ نورشاہ ساہیوال میںگرمی سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے، اوکاڑہ میں لو لگنے سے ایک شخص دم توڑ گیا۔ ملتان میں سن اسٹروک' ہیضہ کے امراض میں مبتلا 87 مریضوں کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ نواب شاہ میں ایک شخص جاں بحق اور 50 افراد گیسٹرو کا شکار ہو گئے۔



بصیر پور، مصطفٰی آباد، للیانی، ڈیرہ اسماعیل خان، میں بھی گرمی اور طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث کاروبار زندگی معطل ہوگیا۔ سکھر میں تیر چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ پشاور میں بھی مختلف مقامات پر مظاہرے ہوئے۔ بلوچستان بھر میں شدید گرمی سے متعدد افراد بے ہوش جبکہ سیکڑوں پرندے ہلاک ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں گرمی کا 29 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، لاہور میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، 1984 اور 1954 میں درجہ حرارت 47سینٹی گریڈ کو چھو گیا تھا۔ 1944اور 1929 میں لاہورمیں درجہ حرارت 48ریکارڈ کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جون بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر آج بھی برقرار رہے گی ۔ جمعرات کو ملک میں سب سے زیادہ گرمی جیکب آباد، نواب شاہ، نور پور تھل اور بھکر میں پڑی جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ سبی، لاڑکانہ، موہنجوداڑو میں درجہ حرارت 49، پڈعیدن، بہاولنگر، جوہر آباد، فیصل آباد، منڈی بہائو الدین، رحیم یار خان، سکھر میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں