ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کا بے تابی سے انتظار کررہا ہوں امام الحق 

جس طرح فخرزمان نے چیمپئنز ٹرافی میں ناقابل فراموش اننگز کھیلی میں بھی اسی طرح کچھ خاص کرنا چاہتا ہوں، امام الحق


Muhammad Yousuf Anjum August 27, 2018
فخرزمان کی طرح کچھ خاص کرنا چاہتا ہوں، امام الحق۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: امام الحق کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کا بے تابی سے انتظار کررہا ہوں جب کہ روایتی حریف کے خلاف سنچری اسکور کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کی خواہش ہے۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے ٹیسٹ اوپنر امام الحق کا کہنا تھا کہ جب کرکٹ کا آغاز کیاتھا تو یہ سوچا بھی نہیں تھا اتنی جلد خواب پورے ہوجائیں گے۔ون ڈے اور ٹیسٹ میں اللہ نے جو عزت دی اس پر اللہ کا جتنا شکرادا کروں، اتناہی کم ہے۔ بھارت کے خلاف کھیلنا اور پرفارم کرنا ہمیشہ ہی سب کرکٹرز کا خواب رہا ہے، میری بھی تمنا ہے کہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے اور اس میچ کو اپنے لیے یادگار بناوں، جس طرح فخرزمان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ناقابل فراموش میچ اننگز کھیلی، اسی طرح میں بھی کچھ خاص کرنے کی کوشش کروں گا۔

امام الحق نے کہا کہ ساتھی کرکٹرز کے مطابق بھارتی ٹیم کے خلاف میچ میں پریشر عروج پر ہوتا ہے لیکن میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ پریشر میں ہی پرفارم کرکے بڑا کھلاڑی بنتا ہے، لوگ ایسی ہی یادگار اننگز کو مدتوں یاد رکھتے ہیں۔ خاص طورپر اوپننگ پوزیشن پر پریشر میچ میں پرفارم کرنا آسان نہیں ہوتا لیکن پہلے سے اعتماد میں کئی گنا اضافہ ہوچکاہے، اب بس یہ ہی کوشش کروں گا کہ وکٹ پر زیادہ سے زیادہ رک کر کھیلوں اور ایک ایسی اننگز کھیل کر پویلین لوٹوں جس سے پوری ٹیم اور قوم کا سر فخر سے بلند ہو۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے بارے میں سوال پر امام الحق کا کہنا تھا کہ ویرات کی بیٹنگ اچھی لگتی ہے، خصوصا جس طرح پورے کیریئر میں وہ ذہنی مضبوطی کے ساتھ پریشر میں اپنی اننگز کھیلتے ہیں۔ وہ لائق تحسین ہے، کوہلی کو ابھی صرف ٹی وی پر بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھا ہے، اب گراونڈ میں انہیں اپنی نظروں کے سامنے کھیلتا ہوا دیکھنے کا موقع مل رہاہے، یہ لمحات میرے لیے یقینی طورپر بہت زبردست ہوں گے، موجودہ کرکٹ میں بہت کم ایسے پلیئرز ہیں جو رول ماڈل کے طورپر پہچان رکھتے ہیں، ویرات کوہلی ان سب بلے بازوں کے لیے ایک مثال ہیں جو خود کو ہر قسم کے حالات میں پرفارم کرنے کی جستجو رکھتے ہیں۔

امام الحق کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی زبردست پلیئر ہے، میری کوشش ہوگی کہ میچ کے بعد ان سے کچھ گپ شپ کروں،ان سے اننگز لمبی کرنے کے بارے میں پوچھوں۔انہوں نے کہا کہ ہر اننگز کے بعد اپنی غلطیوں کو نوٹ کرتا ہوں اور پھر نیٹ پر کوچز کی مشاورت سے ان خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کرتاہوں۔ٹیم انتظامیہ کابہت شکرگزار ہوں جو ہر معاملے میں بہت سپورٹ کررہے ہیں۔اپنی فٹنس اور تکنیکس کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہوں تاکہ آنے والی سیریز میں سب کے اعتماد پر پورا اترسکوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |