عدالت پیشی نواز شریف کی جیل سے باہر کی چائے پینے کی خواہش پوری نہ ہوسکی

جیل سے آئے گارڈین نے لیگی رہنماوٴں کی طرف سے نوازشریف کو پیش کیا گیا پانی بھی واپس کرادیا

نواز شریف کو موبائل جمیرز اور ایمبولینس سمیت 23 گاڑیوں پر مشتمل قافلے میں اڈیالہ جیل سے لایا گیا فوٹو: فائل

احتساب عدالت میں نیب ریفرنس کی سماعت کے دوران نواز شریف کی جیل سے باہر کی چائے پینے کی خواہش بھی پوری نہ ہوسکی۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کی، نوازشریف کو موبائل جیمرز اور ایمبولینس سمیت 23 گاڑیوں پر مشتمل قافلے میں اڈیالہ جیل سے لایا گیا۔ سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں پرویزرشید، مشاہد حسین سید، رانا تنویر، نزہت صادق، سعدیہ عباسی، مشاہداللہ خان اور بیرسٹر ظفر اللہ سمیت مسلم لیگ (ن) کے کئی رہنما موجود تھے۔


نوازشریف نے جیل سے باہرکی چائے پینے کی خواہش ظاہرکی تھی جسے پورا کرنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ناصر بٹ وقفے کے دوران چائے لائے، نواز شریف چائے پینے دیگر لیگی رہنماؤں کے ہمراہ عدالت کے اسٹاف روم گئے لیکن وہاں مناسب جگہ نہ ہونے کے باعث وہ دوبارہ کمرہ عدالت میں پہنچے اوراس سلسلے میں اپنے وکیل سے بات کی تاہم انہوں نے سابق وزیراعظم کو کمرہ عدالت کے آداب کوملحوظ خاطر رکھنے کا مشورہ دیا۔

مقدمے کی سماعت کے دوران سینیٹرغوث محمد نیازی نے گلاس میں پانی لاکر نوازشریف کو دیا جسے ان کے ہمراہ جیل سے آئے گارڈین نے واپس لوٹا دیا، گارڈین نے بعد میں خود پانی لاکر انہیں دیا۔
Load Next Story