برطانوی جنگی طیاروں نے پی آئی اے کے طیارے کو فضا میں گھیر کر اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اتار لیا

دوران پرواز 2 مسافروں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر ایک مسافر نے طیارے کو اڑانے کی دھمکی دی، ترجمان وزارت دفاع


ویب ڈیسک May 24, 2013
طیارے میں سوار مسافر کی پی آئی اے کے عملے سے تلخ کلامی ہوئی جسکے بعد مسافر نے طیش میں آکر دھمکی دی، مسافر شاہد یعقوب فوٹو: ایکسپریس نیوز

برطانوی جنگی طیاروں نے پی آئی اے کے طیارے پی کے 709 کو فضا میں گھیرے میں لے کر اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اتار لیا، طیارے میں عملے کے 11 ارکان سمیت 308 مسافر سوار تھے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور سے مانچسٹر جانے والی پی آئی اے کی پرواز جیسے ہی منزل مقصود کے قریب پہنچی تو برطانوی جنگی طیاروں نے اسے گھیرے میں لے کر اس کا رخ مانچسٹر ایئرپورٹ کے بجائے لندن کے اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پی آئی اے کے عملے کے رکن کا کہنا تھا کہ دوران پرواز 2 مسافروں نے طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی جس پر پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو اطلاع دی۔

برطانوی حکام نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے طیارے کو اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اتار کر فوری طور پر خالی کرا لیا اور دونوں مسافروں کو ایئرپورٹ حکام نے حراست میں لے لیا اور تفتیش کے لئے اپنے ہمراہ لے گئے۔

طیارے میں سوار مسافر شاہد یعقوب نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے میں ایک مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی جس پر قریبی سیٹ پر بیٹھے دوسرے مسافر نے اس کی مدد کرنے کی کوشش کی تاہم اس دوران اس کی پی آئی اے کے عملے کے ایک رکن سے تلخ کلامی ہوگئی جس پر بات تھوڑی زیادہ بڑھ گئی جس کے بعد مسافر نے طیش میں آکر دھمکی دی تاہم اس نے جہاز کو بم سے اڑانے کی قطعاً کوئی دھمکی نہیں دی۔

دوسری جانب وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دوران پرواز 2 مسافروں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جس پر ایک مسافر نے طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی جس کے بعد عملے نے پائلٹ کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا جس پر پائلٹ نے فوری طور پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |