ایشین گیمز ہاکی بنگلہ دیش کو قابو کرنے کیلیے حکمت عملی تیار

پاکستانی کھلاڑیوں کی بھرپور فزیکل ٹریننگ، میٹنگ میں لائحہ عمل طے۔


سیمی فائنل میں رسائی کیلیے کوریا اور جاپان کا میچ اہمیت اختیار کرگیا۔ فوٹو:فائل

ایشین گیمز کے ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے منگل بنگلہ دیش کو قابو کرنے کیلیے حکمت عملی تیار کرلی۔

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری ایشین گیمز کے ہاکی مقابلوں کے پہلے مرحلے کا منگل کو مکمل ہوجائیگا، پاکستانی ٹیم اپنے گروپ کے آخری میچ میں منگل کو بنگلہ دیش کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی، اس سے قبل پاکستان نے مسلسل 4 میچوں میں فتوحات سمیٹ کر ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔

گرین شرٹس نے تھائی لینڈ اور اومان کو صفر کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دینے کے بعد تیسرے مقابلے میں قازقستان کو بھی 16-0 سے ناکام کیا، ملائیشیا کو 4-1 گولز سے شکست دے کر نہ صرف مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی بلکہ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔

بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے لیے قومی ہاکی ٹیم کی تیاریاں بھر پور ہیں، پلیئرز نے گزشتہ روز بھی بھر پور فزیکل ٹریننگ کی، بعد ازاں شام کو شیڈول ٹیم میٹنگ میں بنگال ٹائیگرزکیخلاف میچ کی حکمت عملی بھی تیار کی گئی۔

ٹیم منیجمنٹ کا خیال ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف بھی فتح سے ٹیم پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور گرین شرٹس سیمی فائنل مقابلے میں زیادہ اعتماد کے ساتھ میدان میں اتر سکیں گے، ایشیائی ایونٹ کے دوران جاپان اور کوریا میں سے کون سی ٹیم پاکستان کے خلاف مدمقابل ہوگی، اس کا فیصلہ دونوں ٹیموں کے درمیان منگل کو شیڈول میچ سے ہوگا۔ اسی روز تھائی لینڈ کا میچ قازقستان کے ساتھ ہوگا جبکہ ملائیشیا کی ٹیم اومان کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔

گروپ اے میں پہلا مقابلہ ہانگ کانگ اور انڈونیشیا کی ٹیموں کے درمیان ہوگا، بھارتی ٹیم سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ جاپان کا میچ جنوبی کوریا کے ساتھ شیڈول ہے، اب تک گروپ اے میں بھارت جبکہ گروپ بی میں پاکستان کی ٹیمیں ٹاپ پر ہیں، گروپ بی میں پاکستانی ٹیم سرفہرست ہے، گرین شرٹس نے 4 میچوں میں مجموعی طور پر 40 گول کیے جبکہ اس کے خلاف صرف ایک گول ہوا، ملائیشیا اور بنگلہ دیش دونوں ٹیموں کے9،9 پوائنٹس ہیں، اومان کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

تھائی لینڈ اور قازقستان کا کوئی پوائنٹ نہیں ہے اور یہ ٹیمیں گروپ میں بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔ بھارت 12پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں ٹاپ پر ہے، جنوبی کوریا اور جاپان دونوں ٹیموں کے 9،9 پوائنٹس ہیں تاہم بہتر گول اوسط کی بنا پر جنوبی کوریا دوسرے اور جاپان تیسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا 6 پوائنٹس کے چوتھے نمبر پر براجمان ہے، انڈونیشیا اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکیں اور یہ ٹیمیں اپنے گروپس میں پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں