لیاری رنچھوڑ لائن و کورنگی میں ٹارگٹڈ آپریشن 28 ملزمان زیر حراست

رینجرز نے دوران آپریشن ٹارگٹ کلرز اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو حراست میں لیکراسلحہ برآمد کرلیا


Staff Reporter May 24, 2013
حراست میں لیے گئے افراد کو آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے28 ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

لیاری میں کارروائی کے دوران ایک مغوی بھی بازیاب کرا لیا گیا، حراست میں لیے گئے افراد کو آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، آپریشن کے خلاف متاثرین نے پاکستان چوک پر واقع رینجرز کے دفتر کے سامنے مظاہرہ بھی کیا، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیے، رینجرز کے ترجمان میجر سبطین کے مطابق بھٹائی کالونی کورنگی، خدا کی بستی سرجانی ٹائون، سو کوارٹرز، ہریانہ کالونی، نارائن پورا، لکھپتی ہوٹل رنچھوڑ لائن، بزرٹہ لین اور بغدادی لین لیاری میں گھر گھر تلاشی لی گئی اور آپریشن کیا گیا۔



اس دوران لیڈی سرچر اور کمانڈوز بھی ہمراہ تھے، آپریشن کے دوران علاقوں میں آمدورفت مکمل طور پر بند کردی گئی تھی اور کسی کو بھی علاقے سے باہر جانے یا علاقے میں آنے کی اجازت نہیں تھی، رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ رینجرز نے 28 افراد کو حراست میں لیا ہے، حراست میں لیے جانے والوں میں ٹارگٹ کلرز اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

میجر سبطین کا کہنا ہے کہ لیاری میں کارروائی کے دوران ایک مغوی بھی بازیاب کرایا گیا ہے، علاوہ ازیں رنچھوڑ لائن اور بزرٹہ لین میں آپریشن کے خلاف علاقہ مکین گزشتہ شام پاکستان چوک پر واقع رینجرز کے دفتر پہنچ گئے اور احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ رینجرز نے بے گناہ افراد کو حراست میں لیا ہے، مظاہرین نے حراست میں لیے گئے افراد کی فوری طور پر رہائی کا مطالبہ کیا، اس دوران احتجاج کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں