وزیراعظم کی امریکی وزیرخارجہ سےگفتگو پر امریکی بیان حقیقت سےمختلف ہے وزیرخارجہ

غلطیاں ہو جاتی ہیں اور امریکا کی پریس ریلیز میں غلطی ہو گئی ہوگی، شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک August 28, 2018
غلطیاں ہو جاتی ہیں اور امریکا کی پریس ریلیز میں غلطی ہو گئی ہوگی، شاہ محمود قریشی۔ فوٹو : فائل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان فون پر اچھی اور تعمیری گفتگو ہوئی تاہم پریس ریلیز میں جو بتایا گیا وہ حقیقت کے برعکس ہے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس ایوان کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں دلچسپی ہے، خارجہ پالیسی مرتب کرنے میں پارلیمنٹ سے رہنمائی حاصل کروں گا، ہمیں پارٹی سے بالاتر ہو کر خارجہ پالیسی کو دیکھنا ہوگا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : امریکی وزیر خارجہ کا وزیر اعظم کو فون

شاہ محمود قریشی نے کہا امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان فون پر جو رابطہ ہوا وہ اچھی اور تعمیری گفتگو تھی، اخبارات میں بھی تذکرہ ہوا تاہم پریس ریلیز میں جو بتایا گیا وہ حقیقت کے برعکس ہے، غلطیاں ہو جاتی ہیں پریس ریلیز میں غلطی ہو گئی ہوگی۔ پارلیمنٹ کی آواز امریکا تک پہنچائیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاکستان کی تردید کے باوجود امریکا موقف پر ڈٹ گیا

واضح رہے کہ چند روز قبل واشنگٹن ڈی سی میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا تھا، جس میں انہوں نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ہیدر نورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان سے گفتگو میں پاکستان میں موجود دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور افغانستان کے امن عمل میں پاکستان کے کلیدی کردار پر بھی بات کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں