منی لانڈرنگ کیس انورمجید اوراے جی مجید کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیا

جیل حکام کو ملزمان کا طبی معائنہ کرانے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کا حکم

انور مجید اور بیٹے کی ظبیعت ٹھیک نہیں ، وکلا کا عدالت میں بیان فوٹو: فائل

منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار انورمجید اوران کے بیٹے عبدالغنی مجید کو4 ستمبر تک عدالتی ریمانڈ پرجیل بھیج دیا گیا ہے۔

کراچی کی بینکنگ کورٹ میں ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس کے ملزمان انورمجید اورعبادالغنی مجید کوپیش کیا۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کے روبروموقف اختیارکیا کہ ملزمان سے تفتیش ہوچکی ہے اس لئے اب ان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں، ملزمان کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھجوادیا جائے۔


ملزمان کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ ان کے موکلین کی حالت ٹھیک نہیں اس لئے انہیں جیل کے بجائے اسپتال منتقل کیا جائے۔ عدالت نے ملزمان کے وکیل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 4 ستمبرتک عدالتی ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔ عدالت نے ملزمان کے وکیل کی درخواست پرجیل حکام کو ان کا طبی معائنہ کرانے کے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

سماعت سے قبل انورمجید نے میڈیا کے نمائندوں سے غیررسمی گفتگوکے دوران کہا کہ ان کی ایک شوگرمل پر چھاپہ پڑا، وہاں سے ملنے والا تمام اسلحہ لائسنس یافتہ ہے، آصف زرداری سے صرف ایک منٹ کی ملاقات ہوئی، جس میں ہم دونوں نے ایک دوسرے کو تسلی دی۔
Load Next Story