طارق روڈ لبرٹی چوک پر پابندی کے باوجود شیشہ پارلرز کھل گئے

خواتین کے پرس چھینے جانے کے واقعات معمول بن گئے،مکینوں میں خوف


Staff Reporter May 25, 2013
فیروز آباد پولیس کی مبینہ سرپرستی میں طارق روڈ لبرٹی چوک سے جھیل پارک جانے والی سڑک پر پابندی کے باوجود شیشہ پینے کی دکانیں کھلی ہوئی ہیں۔ فوٹو اے ایف پی/ فائل

تھانہ فیروز آباد کے علاقے طارق روڈ لبرٹی چوک پر پابندی کے باوجود شیشہ پینے کی دکانیں کھلی ہوئی ہیں جبکہ اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے طارق روڈ پر خریداری کے لیے آنے والوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، تفصیلات کے مطابق فیروز آباد پولیس کی مبینہ سرپرستی میں طارق روڈ لبرٹی چوک سے جھیل پارک جانے والی سڑک پر پابندی کے باوجود شیشہ پینے کی دکانیں کھلی ہوئی ہیں جہاں پر نوجوانوں کی بڑی تعداد آتی ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔



علاقہ مکینوں نے متعدد بار پولیس سے شکایات کی تاہم پولیس نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے جبکہ طارق روڈ سمیت ملحقہ علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے خریداری کے لیے آنے والوں اور مکینوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

موٹر سائیکل سوار ملزمان کی جانب سے خواتین کے پرس چھینے جانے کے واقعات معمول بن گئے ہیں جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چھینا جھپٹی اور چوری کے واقعات بھی معمول بنتے جا رہے ہیں اور پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی دیکھنے میں نہیں آتی ، علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ پابندی کے باوجود شیشہ پینے کی دکانوں کو فوری طور بند کرایا جائے بصورت دیگر نقص امن و امان کی تمام ذمہ داری علاقہ پولیس پر عائد ہوگی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں