ایشین گیمزمیں قومی ہاکی ٹیم کی لگاتار پانچویں فتح بنگلادیش کو بھی زیر کرلیا

پاکستان ٹیم گروپ میں ٹاپ پر موجود ہے اور پہلے ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی ہے


Sports Desk August 28, 2018
پاکستان ٹیم گروپ میں ٹاپ پر موجود ہے اور پہلے ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی ہے ۔ (فوٹو : اے ایف پی)

ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم نے بنگلا دیش کو 0-5 سے ہرا کر مسلسل پانچویں فتح سمیٹ لی۔

جکارتہ میں جاری میگا ایونٹ میں گرین شرٹس نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا، دوسرے ہی منٹ میں محمد عتیق نے گیند کو جال میں پھینک کر ٹیم کو برتری دلائی۔

19 ویں منٹ میں مبشر علی نے پنالٹی کارنر کو کارآمد بناتے ہوئے برتری دوگنا کردی، 25 ویں منٹ میں مبشر علی نے ایک مرتبہ پھر اسی انداز میں گول کرتے ہوئے مجموعہ 0-3 کردیا، 36 ویں منٹ میں شان علی نے مجموعی طور پر چوتھا گول اسکور کیا، 48 ویں منٹ میں محمد عتیق نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے اسکور 0-5 کردیا، بنگلا دیشی ٹیم تمام کوششوں کے باوجود کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان نے ملائیشیا کو 1-4 سے شکست دے دی

واضح رہے کہ یہ ایونٹ میں پاکستان کی مسلسل پانچویں کامیابی ہے، گرین شرٹس نے تھائی لینڈ اور اومان کو صفر کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دینے کے بعد تیسرے مقابلے میں قازقستان کو بھی 0-16 سے فتح سمیٹی، ملائیشیا کو 1-4 گولز سے شکست دے کر نہ صرف مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی۔ پاکستان ٹیم گروپ میں ٹاپ پر موجود ہے اور پہلے ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔