چنئی سپر کنگز کی آئی پی ایل سے معطلی کا امکان

داماد کیخلاف کوئی ثبوت مل گیا تو سری نواسن کو بھی عہدہ چھوڑنا پڑے گا، ذرائع

ویاپن 1 کروڑ روپے جوئے میں ہارا، بکیز سے روابط رہے، بہنوئی نے پول کھول دی۔

گروناتھ ویاپن کے گرفتار ہونے پر چنئی سپر کنگز کو آئی پی ایل سے معطل بھی کیا جا سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ قوانین کا جائزہ لے رہا ہے جس کے مطابق اگر کسی فرنچائز نے طے شدہ طریقہ کار سے ہٹ کر کوئی کام کیا تو اس کا معاہدہ ختم کیا جا سکتا ہے، کوئی ٹیم مالک اگر ایونٹ کی ساکھ خراب کرنے کا مرتکب ہو تو بھی اس قانون کا اطلاق ہو گا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر داماد کیخلاف کوئی ثبوت مل گیا تو بھارتی بورڈ کے صدر اور چنئی سپر کنگز کے مالک سری نواسن سے عہدہ چھوڑنے کا کہا جا سکتا ہے، بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق کرکٹ کا کھیل سری نواسن سے کہیں زیادہ اہم ہے۔




دریں اثنا گروناتھ ویاپن کے رواں برس آئی پی ایل میں ایک کروڑ روپے جوئے میں ہارنے کی بات سامنے آئی ہے، اس کا انکشاف وندو دارا سنگھ نے پولیس کے سامنے کیا،انھوں نے کہا کہ یہ رقم میری معرفت سے ہی بعض میچز پر لگائی گئی تھی۔ علاوہ ازیں سری نواسن کے بیٹے نے ہی اپنے بہنوئی کی پول کھول دی، ایشون نے الزام لگایا کہ گروناتھ ویاپن کے ہمیشہ سے چنئی اور دبئی کے بکیز سے روابط رہے، وہ آئی پی ایل شروع ہونے سے قبل ہی ان کے ساتھ تعلق رکھتا تھا، انھوں نے اپنے والد سری نواسن پر بھی بعض سنگین نوعیت کے الزامات لگائے۔

یاد رہے کہ ہم جنس پرستی اور منشیات کے استعمال کی وجہ سے ایشون کو گھر سے نکال دیا گیا تھا، کچھ عرصے قبل ایشون نے خود اور پارٹنر اوی کو پٹوانے کا الزام اپنے والد پر عائد کیا تھا۔
Load Next Story