قومی ایتھلیٹکس10 ہزار میٹر ریس شبانہ نے جیت لی

800 میٹر میں رابعہ عاشق ،400 میٹر ہرڈلز میں ماریہ مراتب کامیاب قرار پائیں.


Sports Reporter May 25, 2013
قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ہرڈلز ریس میں واپڈا کی ماریہ مراتب ایکشن میں۔ فوٹو: آئی این پی

لاہور: 45 ویں قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی ویمنز 10 ہزار میٹر ریس واپڈا کی شبانہ کوثر نے جیت لی،800 میٹرمیں رابعہ عاشق اور400 میٹر ہرڈلز ریس میں اسی ادارے کی ماریہ مراتب کامیاب ٹھہریں۔

قبل ازیں ایونٹ کا افتتاح ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل شفقت جاوید نے کیا۔اس موقع پر ایتھلیٹک فیڈریشن آف پاکستان کے صدر جنرل(ر) محمد اکرم ساہی، سیکریٹری جنرل محمد ظفر، پاکستان واپڈا اسپورٹس بورڈ ڈائریکٹر جنرل میاں رفعت محمود، پاکستان آرمی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر اقتدار نصیراحمد، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل سید امیر حمزہ گیلانی سمیت شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

افتتاحی روز ویمنز10 ہزار میٹر ریس میں واپڈا کی شبانہ کوثر نے گولڈ میڈل جیتا، ایچ ای سی کی فرحت بتول نے سلور اورواپڈا کی نسرین اختر نے برانز میڈل حاصل کیا۔ ویمنز پول والٹ میں آرمی کی سدرہ بشیر سرفہرست رہیں، اسی ادارے کی سدرہ کوثر دوسرے اور واپڈ اکی نسرین اختر تیسرے نمبر پر آئیں۔ خواتین کے ہائی جمپ مقابلوں میں پاکستان واپڈا کی سمعیہ سحر نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، آرمی کی شازیہ پروین دوسرے اورسدرہ کوثر تیسرے نمبر پر رہیں۔ خواتین کی800 میٹر ریس واپڈا کی رابعہ عاشق نے اپنے نام کی، ثمابیہ دوسری اور ایچ ای سی کی فرحت بتول تیسری پوزیشن کی حقدار ٹھہریں۔



خواتین کی400 میٹر ہرڈلز ریس میں واپڈا کی ماریہ مراتب نے پہلی،پنجاب کی آمنہ عاشق نے دوسری اور پاکستان واپڈا کی عالیہ نور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مینز جولین تھرو میںآرمی کے محمد عمران نے میدان مار لیا، محمد ثنا اللہ نے دوسری اور ایچ ای سی کے الطاف حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ یاد رہے کہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے16 ٹیموں کے500 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ چیمپئن شپ کے دوران 26 مئی تک مردوں کے 22 اور خواتین کے 20 ایونٹ ہونگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں