امید ہے عمران خان وعدے پورے کریں گے شاہد آفریدی

وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں مدعو نہیں کیا گیا، پی سی بی میں ملازمت کی خواہش نہیں، سابق کپتان

شاہد آفریدی فاؤنڈیشن ،آڈٹ فرم کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب۔ فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان نے وعدے توبہت کیے ہیں امید ہے وہ اپنے وعدے پورے بھی کریں گے۔

شاہد آفریدی نے کراچی میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور آڈٹ فرم کے پی ایم جی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں مجھے نہیں بلایا گیا، بھارت سے سدھو کو بلانا ایک اچھا اقدام تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وعدے توبہت کیے ہیں امید ہے وہ اپنے وعدے پورے بھی کریں گے۔

سابق کپتان نے کہا کہ پی سی بی میں ملازمت کی خواہش نہیں، بورڈ میں مجھ سے قابل لوگ بیٹھے ہیں، سرفراز احمد جس طرح سے ٹیم کو لے کر چل رہے ہیں انشاء اللہ ایشیا کپ میں بھارت سے جیتیں گے۔


مفاہمتی یادداشت پر دستخظ ایس اے ایف کی جانب سے گلوبل چیئرمین شاہد آفریدی، سی ای او ذیشان افضل جبکہ کے پی ایم جی کی جانب سے عامر جمیل عباسی نے کیے، بعدازاں دستاویزات کا تبادلہ بھی ہوا۔

شاہد آفریدی نے سابق چیئرمین کرکٹ بورڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں نجم سیٹھی نے ذمے داری سے کام کیا، پی ایس ایل ایک مشکل کام تھا جسے نجم سیٹھی نے کرکے دکھایا۔ سابق اسٹار کرکٹر نے مزید کہا کہ انہیں پی سی بی میں ملازمت کی ضرورت نہیں۔

 
Load Next Story