احسان مانی کو عہدہ سونپنے کی تیاریاں مکمل

4ستمبر کو اجلاس میں وزیراعظم کے فیصلے پر مہرتصدیق ثبت کردی جائے گی۔


Sports Reporter August 29, 2018
الیکشن کمشنر نے نئے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کیلیے شیڈول جاری کردیا۔ فوٹو: فائل

نئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو عہدہ سونپنے کی تیاریاں مکمل ہیں۔

پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر نے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے بعد نئے چیئرمین کے انتخاب کیلیے شیڈول کا اعلان کر دیا،اس حوالے سے خصوصی اجلاس4 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جہاں الیکشن کمشنر جسٹس(ر) افضل حیدر، ڈپٹی الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کے ہمراہ کارروائی مکمل کریں گے۔

شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی صبح11 سے ساڑھے11 بجے تک جمع کرا سکیں گے جس کے بعد اعتراضات داخل کرنے اور فارمز کی اسکروٹنی کا عمل مکمل کیا جائے گا، اعتراضات کی سماعت 12بجے ہوگی، نصف گھنٹے بعد امیدوار اگر چاہیں تو اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، امیدواروں کی حتمی فہرست ایک بجے جاری کی جائے گی، چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کیلیے گورننگ بورڈ ارکان کی ووٹنگ کا عمل ڈیڑھ بجے ہوگا۔

یہ بھی واضح کردیا گیا ہے کہ اگر کسی ایک امیدوار کے مقابلے میں کوئی کھڑا نہ ہوا تو نامزدگی کے بعد کارروائی جاری رکھنے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی،کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کردیا جائے گا۔

پی سی بی بورڈ آف گورنرز میں وزیر اعظم اور پیٹرن انچیف پی سی بی عمران خان کے نامزدکردہ ممبرز احسان مانی اور اسد علی خان، لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین (واپڈا)، ڈاکٹر نجیب صائم (ایچ بی ایل)، محمد ایاز بٹ (کے آر ایل)، لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید ضیا (ایس ایس جی سی)، مراد اسماعیل (کوئٹہ ریجن)، شاہ ریز عبداللہ روکھڑی (لاہور ریجن)، کبیر احمد خان (فاٹا ریجن)، کیپٹن (ر) جہانزیب خان (سیکریٹری وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ) شامل ہیں، سیالکوٹ ریجن کو اس وقت ایڈہاک بنیادوں پر چلایا جارہا ہے، الیکشن مکمل ہونے پر اس کا نمائندہ گورننگ بورڈ کا رکن بنے گا تاہم فی الحال سیالکوٹ کو ووٹ کا موقع نہیں ملے گا۔

یاد رہے کہ گورننگ بورڈ میں شامل سیکریٹری وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ اجلاس میں شامل ہونے کے باوجود ووٹ دینے کا استحقاق نہیں رکھتا، 4ستمبر کو احسان مانی کا انتخاب یقینی ہے، پی سی بی آئین کے مطابق ان کے بلا مقابلہ انتخاب کیلیے اجلاس میں کم ازکم 6اراکین گورننگ بورڈ کا موجود ہونا ضروری ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے تمام ممبرز کو اجلاس میں شرکت کیلیے اطلاع کی جا چکی،امید ہے کہ تمام ارکان اس موقع پر موجود ہوں گے۔ واضح رہے کہ 4 ستمبر کو الیکشن کے حوالے سے رپورٹ ''ایکسپریس'' میں ایک روز قبل ہی شائع ہو چکی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں