جرائم پیشہ عناصر و پولیس افسران کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلیے تبادلوں کا ’’ہتھیار‘‘ استعمال

ایس ایس پی ویسٹ نے ضلع کے 7 تھانوں میں تعینات 471 پولیس افسران و اہلکاروں کے تبادلے کر دیے، مزید اکھاڑ پچھاڑ ہو گی

تبدیل کیے جانے والے افسران و اہلکار زمینوں پر قبضے اور دیگر جرائم میں ملوث یا سہولت کار ہیں، ڈاکٹر رضوان احمد۔ فوٹو : فائل

ایس ایس پی ویسٹ نے ڈسٹرکٹ کے7تھانوں میں تعینات471 پولیس افسران و اہلکاروں کے تبادلوں کے احکام جاری کر دیے۔

ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹر رضوان احمد نے ویسٹ زون کے7 تھانوں سائٹ اے ،سائٹ بی، اورنگی ٹائون، اتحاد ٹاون،سرجانی ٹائون ،منگھوپیر اور اقبال مارکیٹ تھانے کے مجموعی طور پر 471 پولیس افسران و اہلکاروں کے تبادلے کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ،مزید اکھاڑ پچھاڑ ہوگی۔


ایس ایس پی ویسٹ کی جانب سے تبادلہ کیے جانے والوں میں 2 انسپکٹرز ، 16 سب انسپکٹرز ، 32 اے ایس آئیز،46 ہیڈ کانسٹیبلز اور279 پولیس کانسٹیبلز شامل ہیں جس میں متعدد خواتین پولیس اہلکار بھی ہیں،تبادلے کیے جانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ کسی نہ کسی طریقے سے جرائم میں ملوث رہے ہیں، ویسٹ زون میں زمینوں پر قبضے اور منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم منظم انداز میں کیے جا رہے ہیں۔

ایس ایس پی ویسٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں افسران و اہلکاروں کو برطرف نہیں کیا جاسکتا،پہلے مرحلے میں انھیں جہاں وہ تعینات تھے وہاں سے دوسرے تھانوں میں تبادلہ کر کے کام چلایا جا رہا ہے اور ان پولیس افسران و اہلکاروں پر بھی مزید چیک اینڈ بیلنس میں رکھا جائیگا تاکہ اگر وہ کسی بھی جرائم دوبارہ سے ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، پولیس میں کسی بھی کالی بھیڑ کو معاف نہیں کرسکتے اور ابتدائی طور پر جو تبادلے کیے گئے ہیں ان کا فائدہ یہ ہوگا کہ جرائم کی پشت پناہی میں ملوث پولیس اہلکاروں کا نیٹ ورک ٹوٹ جائے گا۔
Load Next Story