حکومت کے فیصلے گوگل کے ذریعے ہورہے ہیں احسن اقبال

ہر معاملے کا حل گوگل دے توحکومت کس مرض کی دواہے، رہنما مسلم لیگ (ن)


ویب ڈیسک August 29, 2018
تحریک انصاف کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں ہے، احسن اقبال فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کی ہر چیز کے فیصلے گوگل سے ہورہے ہیں۔

اسلام آباد میں اپوزیشن کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہے لیکن ہم نے قربانی دی اور اپنا صدارتی امیدوار نامزد نہیں کیا، ہمارے صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں، اپوزیشن کا متفقہ صدارتی امیدوار ہوا تو کامیاب ہوسکتا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن کی اکثریت کا احترام کرے گی اور صدارتی انتخاب کے لیے ہماری حمایت کرے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پہلے ہمارا خیال تھا کہ ملک میں انڈر 19 کی ٹیم آگئی ہے لیکن جوں جوں دن گزر رہے ہیں لگتا ہے انڈر11 کی ٹیم حکومت کر رہی ہے، حکومت کی ہر چیز کے فیصلے گوگل سے ہو رہے ہیں، ہر معاملے کا حل گوگل دے تو حکومت کس مرض کی دوا ہے، تحریک انصاف کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں ہے، عمران خان عوام سے پوچھ رہے ہیں کہ بتائیں منی لانڈرنگ کا پیسہ واپس کیسے لائیں۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے اس نے بہت قربانیاں دی ہیں، امید ہے پیپلز پارٹی اپوزیشن کے فیصلے کا احترام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کفایت شعاری مہم کی بات کرتے ہیں، جھوٹ بھی ایسا بولا جائے جس میں تھوڑا سا سچ کا پہلو بھی ہو، ہم بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں بھی عمران خان والا سستا ہیلی کاپٹر دیا جائے۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک امتحان میں ہے، ہمیں امید ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوری قوتوں کا ساتھ دے گی، اگر پیپلز پارٹی نے جمہوری قوتوں کا ساتھ نہ دیا تو ہمیشہ تاریخ کو جواب دہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے اصل وارث 22 کروڑ عوام ہیں، این ایف سی ایوارڈ میں کسی صورت صوبوں کا کوٹہ کم نہیں کرنے دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |