عالمی بینک کی مختلف شعبوں میں پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی

بینک کے نائب صدرکی وزیرخارجہ، وزیرخزانہ اور وزیرتجارت سے ملاقات، سی پیک، سندھ طاس معاہدے سمیت دیگرامور پر تبادلۂ خیال


APP/Numainda Express August 30, 2018
شاہ محمود سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق، عرب امارات کے سفیر بھی ملے۔ فوٹو: فائل

ورلڈ بینک کے علاقائی صدر برائے جنوبی ایشیا ہارٹ وگ شیفر نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک پاکستان کی معاشی ترقی، غربت کے خاتمے اور اصلاحاتی پلان کے لیے حکومت پاکستان کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کو تیار ہے۔

عالمی بینک کے نائب صدر نے وزیر خزانہ اسد عمر ، وزیر خارجہ شاہ محمو د قریشی، تجارت ، ٹیکسٹائل اور پیداوارکے مشیر رزاق داؤد سے ملاقات کی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں ہارٹ وگ شیفر نے انھیں نئی حکومت کے قیام اور وزیرخارجہ کامنصب سنبھالنے پرمبارکباد پیش کی۔

ملاقات میں تعلیم، زراعت اوردیہی ترقی خصوصاً علاقائی روابط اورکاسا1000 اورخیبر پاس اقتصادی راہداری (پشاور، طورخم،کابل موٹروے) میںعالمی بینک کے تعاون پرتبادلہ خیال کیاگیا، عالمی بینک نے زرعی شعبے کی بہتری وتعیمرنوکے لیے زرعی ٹاسک فورس سے تعاون پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں آبی ذخائرکی تعمیر سے انڈس واٹرسسٹم کولاحق چیلنجز اور عالمی بینک کے ذریعے ان مسائل کے حل سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرخارجہ نے نئی حکومت کی ترقیاتی ترجیحات کے لیے عالمی بینک کی حمایت کو سراہا اور نائب صدرکو وزیراعظم کے پرامن ہمسائیگی کے وژن سے آگاہ کیا۔

بینک کے نائب صدر نے اقتصادی ترقی، نئی حکومت کے وژن کے تحت زرعی شعبے کی بہتری کے لیے تعاون اور سندھ طاس معاہدے کودرپیش مسائل کے حل میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔