تحریک لبیک کا اسلام آباد میں ریلی ختم کرنے کا اعلان

گستاخانہ خاکوں کے معاملے کو اقوام متحدہ میں بھی اٹھائیں گے، وزیرخارجہ


ویب ڈیسک August 30, 2018
گستاخانہ خاکوں کے معاملے کو اقوام متحدہ میں بھی اٹھائیں گے، وزیرخارجہ

تحریک لبیک کی قیادت نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ ہونے کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق توہین آمیز خاکوں کے خلاف تحریک لبیک کی قیادت میں لاہور سے نکلنے والا لانگ مارچ جہلم سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچا، جہاں انہوں نے توہین آمیز خاکوں کے خلاف دھرنا دینا تھا تاہم ہالینڈ کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ ہونے کے بعد امیر خادم حسین رضوی کی قیادت میں ہونے والے مارچ کو اسلام آباد میں ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

یہ پڑھیں: ہالینڈ میں ہونے والا گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ

قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمد قریشی کی سربراہی میں حکومتی وفد نے تحریک لبیک پاکستان کے وفد سے مذاکرات کیے جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں سے مسلمانوں میں اضطراب پیدا ہوا، اللہ کا کرم ہوگیا کہ گستاخانہ خاکوں کا معاملہ ٹل گیا، ہماری کوشش تھی کہ یہ مسئلہ سفارت کاری سے حل ہو، گستاخانہ خاکوں کے خلاف قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظورکی گئی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہالینڈ کے پاکستان میں سفیر نے بتایا کہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ ترک کردیا گیا ہے جب کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے کو اقوام متحدہ میں بھی اٹھائیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: گستاخانہ خاکوں کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں

تحریک لبیک پاکستان کے لانگ مارچ میں ہزاروں افراد شریک تھے، جگہ جگہ قافلے کا بھرپور استقبال کیا گیا، شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ہالینڈ کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرکے ان کے ساتھ ہر قسم کے سفارتی تعلقات ختم کرے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ملعون افراد دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں، یہ مقابلے کروانے والے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں ہالینڈ کی اسلام مخالف جماعت فریڈم پارٹی آف ڈچ کے متنازع رہنما گیرٹ ولڈرز نے پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کروانے کا قبیح اعلان کیا تھا۔ پاکستان نے معاملے پر ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج بھی کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں