’ایکسپریس میڈیا گروپ‘ کے تعاون سے تین ممالک کے فنکاروں پر مشتمل فلم ’’چنگیز‘‘

مقامی سینما گھر میں معروف ستاروں کے جھرمٹ میں پریمیئر، علی ظفر، عاطف اسلم، میشا شفیع اور محسن حامد سمیت دیگر کی شرکت


Qaiser Iftikhar May 25, 2013
مقامی سینما گھر میں معروف ستاروں کے جھرمٹ میں پریمیئر، علی ظفر، عاطف اسلم، میشا شفیع اور محسن حامد سمیت دیگر کی شرکت۔ فوٹو : طارق حسن / ایکسپریس

'ایکسپریس میڈیا گروپ' کے تعاون سے زندہ دل لوگوں کے شہرلاہورمیں معروف مصنف محسن حامد کے مقبول ناول"The Reluctant Fundamentalist" پر بنائی گئی فلم 'چنگیز' "The Reluctant Fundamentalist" کا پریمیئرشومقامی سینما میں ہوا۔

پریمئیرمیں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں فلم، ٹی وی ، تھیٹر، میوزک اورفیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف ستاروں نے تقریب کو چارچاند لگادیئے جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی بہت سی اہم شخصیات بھی اس موقع پرموجود تھیں۔

مہمانوں میں معروف اداکارو گلوکارعلی ظفر، عاطف اسلم، میشاشفیع، محسن حامد، صبا حمید، حسن شہریاریاسین (ایچ ایس وائی )، جگن کاظم، ماریہ بی، علی زیشان ، فیا خان، سیبل، نعمان جاوید، خاورریاض، حنابٹ، عائشہ فاضلی، سارہ بھروانہ، عمارہ حکمت، سحراقبال ، شاورعلی، سیم علی دادا، صنم تاثیر، کامیار روکنی، علی سفینا، حرا ترین، تمثیل ، زہرہ اور بلال مختار کے علاوہ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی کی اہلیہ جگنو محسن، سلیمہ ہاشمی، منزہ ہاشمی اورسابق گورنرپنجاب سلمان تاثیر کی اہلیہ آمنہ تاثیر سمیت دیگر شامل تھے۔



اس موقع پر''ایکسپریس میڈیا گروپ'' کی جانب سے لاہور کی ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے مہمانوں کی تواضع کیلئے خاص انتظامات کیے گئے تھے۔ سینما ہال کے بیرونی حصے کومنفرد انداز سے سجایا گیا تھا۔ جہاں مہانوں کیلئے موسم گرما اور تقریب کی مناسبت سے کھانے کے اسٹال لگائے گئے تھے جبکہ موسیقی سے تقریب کا مزہ دوبالا کرنے کیلئے سازندے بھی مختلف راگ پیش کررہے تھے۔

پریمئیر میں شوبز کی معروف شخصیات کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھرپورانداز میں شرکت صرف اورصرف ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' کے اداروں 'ایکسپریس نیوز، روزنامہ ایکسپریس، ایکسپریس ٹریبیون'سمیت دیگرکی بدولت ممکن ہوا۔ بھرپور تشہیری مہم کا سلسلہ گزشتہ کئی روزسے جاری تھا۔ یہی وجہ تھی کہ زندہ دلان لاہور نے پریمئرشو میں بھرپور شرکت کی ۔ ایک اہم اورحساس موضوع پربنائی جانیوالی بین الاقوامی معیارکی فلم کے پریمئیرکے انعقاد پرشرکاء نے ''ایکسپریس میڈیا گروپ '' کا شکریہ بھی اداکیا۔

سنجیدہ موضوع پر بننے والی فلم میں جہاں امریکا میں 9/11 کے بعد کے حالات کا تذکرہ کیا گیا ، وہیں امریکا میں بسنے والے مسلمان اورخاص طورپر پاکستانیوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کی بہتر انداز سے منظرکشی کی گئی ہے۔ '' امریکا جو '' سُپرپاور '' کے طور پر جانا جاتا ہے اورآئے دن ترقی کی نئی منزلیں طے کرتا ہواآگے بڑھ رہا ہے۔ اس کامیابی اورترقی میں صرف امریکا کے مقامی لوگ ہی نہیں بلکہ وہ لوگ بھی شامل ہیں جو دوسرے ممالک سے وہاں منتقل ہوئے اوراب امریکا کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔''

ایسے ہی ایک نوجوان کا کردار (چنگیز) امریکی اداکار رزخان نے نبھایا ہے۔ چنگیزکا تعلق پاکستان سے ہوتا ہے اوروہ امریکا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں ملازمت اختیار کر لیتا ہے۔ وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے کمپنی کے کاروبارکو بہتر بناتا ہے جس کی بدولت ترقی کرتے ہوئے اعلیٰ عہدے پرفائز ہو جاتا ہے۔ سب کچھ ہنسی خوشی چل رہا ہوتا ہے، مگر 9/11 کے بعد برسوں سے بسنے والے مسلمانوں اورخصوصاً پاکستانیوں کے ساتھ امریکیوں کے رویے میں ایسی تبدیلی آجاتی ہے کہ ہر طرف نفرت ہی نفرت دکھائی دیتی ہے۔

ایئرپورٹ سے لے کر عام شاہراؤں پر دکھائی دینے والے مسلمان پاکستانیوںکو امریکی خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار تفتیش کے دوران جو ذلت آمیزرویہ اختیارکرتے ہیں وہ دیکھ کردل خون کے آنسو روتا ہے۔ امریکی شہریت رکھنے والے مسلم ممالک کے لوگ جو امریکا سے محبت کا اظہار شب وروز بے پناہ محنت کے ذریعے کرتے ہیں، شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے۔ امریکیوں کے اسی رویے کی وجہ سے بہت سے مسلمان امریکا چھوڑ کر اپنے اپنے وطنوں کو واپس لوٹ گئے ۔



فلم میں جہاں ہمیں ہالی وڈ کے ستارے دکھائی دیتے ہیں، وہیں بالی وڈ کے ورسٹائل فنکار اور پاکستانی ٹیلنٹ بھی اداکاری کے جوہردکھاتانظرآتا ہے۔ پاکستان، بھارت اورامریکا سمیت دنیا کے بیشترممالک میں بسنے والے فلم کی ریلیز کابے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ فلم کی کاسٹ میں رزخان کے علاوہ بالی وڈ کے ورسٹائل اداکاراوم پوری، شبانہ اعظمی، چندر چورسنگھ، ہالی وڈ سے کیفرسوتھرلینڈ، کیٹ ہڈسن، لیوشیبر، مارٹن ڈون، نیلسن ایلس، ، ہالک ہیگیز، عادل حسین اور پاکستان سے میشا شفیع سمیت دیگرشامل ہیں۔

جبکہ فلم کی ڈائریکشنز بھارت سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی شہرت یافتہ ہدایتکارہ میرا نائیرنے دی ہیں۔ فلم کی کہانی معروف مصنف محسن حامد کے 2007ء میں لکھے گئے ناول سے لی گئی ہے ۔ مگرمیرانائیر نے اپنی فلم کی ڈیمانڈ کے مطابق کہانی میں ہلکی پھلکی تبدیلی کی تھی جو فلم کی میکنگ کیلئے بہت ضروری تھی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ فلم کی عکسبندی میں جہاں امریکا اورپاکستان کے مختلف مقامات شامل ہیں ، وہیں ترکی سمیت دوسرے ممالک میں بھی اس کوپکچرائزکیا گیا ہے۔

فلم 'چنگیز' "The Reluctant Fundamentalist" میں ایک طرف توامریکا میں مسلمانوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات ہیں تو دوسری جانب پاکستان میں امریکی خفیہ ایجنسی '' بلیک واٹر '' کو بھی کام کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ جس کے اہلکارپاکستانی پولیس اور دیگر اداروں کی ''حفاظت '' میں سرعام کارروائیاں کرتے پھرتے ہیں۔

''امریکی خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں کا نیٹ ورک جس طرح سے پاکستان میں کام کرتا دکھایا گیا اس سے ملتی جلتی بہت سی خبریں ہم نیوزچینلز پردیکھ چکے ہیں اور اخبارات میں بھی ان کا تذکرہ ہوتا رہا ہے لیکن ان کی مشکوک کارروائیوں میں کسی قسم کی کمی نہیں آئی۔''

ہدایتکارہ میرا نائیر نے اس حساس موضوع کی فلم کو بہت خوبصورت اندازسے فلمایا ہے اوراس میں پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارعاطف اسلم کے گائے گیت ' موری ارج سنو ' کورزخان پرفلمبندکیا ہے۔ مذکورہ فلم کا موضوع جہاں انتہائی سنجیدہ تھا وہیں ڈائریکٹرکی عمدہ صلاحیتوں کی وجہ سے لوگوں کیلئے تفریح کا باعث بھی رہا۔ اسی لئے فلم بینوں نے فنکاروں کی پرفارمنس کو بہت سراہا۔ بالی وڈ کے معروف اداکاراوم پوری اورشبانہ اعظمی نے بھی فلم میں اہم کردار نبھائے ہیں اوران کے کرداروںکی دلچسپی ہرلمحے برقراررہی۔

دوسری طرف پاکستانی گلوکارہ وماڈل میشاشفیع نے فلم میں رزخان کی بہن کا کردار نبھایا ہے۔ یہ کردارمختصرتھا لیکن خاصا جاندار ہے۔ اسی لئے تو جب فلم اپنے اختتام کو پہنچی توہال میں موجود فلم بینوں نے تالیاں بجا کر فنکاروں اور تکنیک کاروں کے فن کااعتراف کیا لوگ 'ایکسپریس میڈیا گروپ ' کی ٹیم کوایک بہترین فلم کے کامیاب پریمیئر پر مبارکبادکے ساتھ نیک تمناؤں کااظہاربھی کرتے رہے۔

اس موقع پر ''نمائندہ ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے ناول "The Reluctant Fundamentalist" کے خالق مُحسن حامد نے کہا کہ ایک لکھاری وہی لکھتا ہے جو وہ دیکھتا اورمحسوس کرتا ہے۔ میں نے امریکا میں زندگی کا بہت عرصہ گزارا اورمیں ایسے بہت سے لوگوںکو جانتا ہوںجو امریکا سے دیوانگی کی حد تک پیارکرتے تھے۔ مگر جب دہشت گردی کا واقعہ رونما ہوا تو اس کے بعد امریکا کے مقامی لوگوں میں جونفرت پیدا ہوئی اس کااظہارانھوں نے بہت ہی عجیب اندازسے کیا۔ میں نے اپنے ناول میں وہی سب حقائق تحریر کئے ، جو سچ تھے۔



اس ناول کو دنیا بھر میں بہت پذیرائی ملی لیکن مجھے اس بات کا کبھی اندازہ نہیں تھا کہ اس پرکوئی فلم بنے گی اوراس کو اتنا زیادہ اچھا رسپانس ملے گا۔ ہدایتکارہ میرانائیر نے بہت محنت کے ساتھ ایک اچھا پراجیکٹ تیارکیا ۔ انھوں نے فلم کی ڈیمانڈ کو سامنے رکھتے ہوئے کرداروں کا انتخاب کیا جس نے فلم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ لاہورمیں 'ایکسپریس میڈیا گروپ ' نے جس طرح سے تقریب کاانعقاد کیا اورلاہورکے خوبصورت کلچر کی عکاسی کرتے انتظامات کئے ہیں یہ لمحات ہمیشہ یاد رہیں گے۔ لوگوں کی جانب سے ملنے والا پیار کبھی نہیں بھلا سکوں گا۔ مجھے یہ سب دیکھ کر یوں محسوس ہورہاہے کہ میں بہت خوش قسمت انسان ہوں جس کو لوگ اتنا پیارکرتے ہیں۔

اداکاروگلوکارعلی ظفرنے کہا کہ فلم ایک زبردست میڈیم ہے اوراس کے ذریعے اپنا پیغام پوری دنیا تک پہنچانا بہت آسان ہے۔ یہ ایک منفرد اوراہم موضوع پربنائی گئی فلم ہے جس میں فنکاروں نے تو بہترین کام کیا ہی ہے لیکن فلم کی ڈائریکٹرمیرا نائیرنے بھی بڑی مہارت کے ساتھ تمام پہلوؤں کو اجاگرکیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ 'ایکسپریس میڈیا گروپ' کا شمار پاکستان کے بہترین اداروں میں ہوتا ہے۔ 'ایکسپریس' اس فلم کامیڈیا پارٹنر توہے لیکن میں چاہوں گا کہ اب 'ایکسپریس میڈیا گروپ' کو فلمسازی کی طرف بھی آنا چاہئے۔

اسی طرح سے پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی ہوگی اور لوگوں کو اچھی اورمعیاری تفریح بھی مل سکے گی۔ دنیا بھر میں 'ایکسپریس ' جیسے معروف میڈیا گروپ فلم سازی کے شعبے میں نمایاں کام کررہے ہیں۔ 'ایکسپریس گروپ ' کے چینلز اوراخبارات کے ذریعے لوگوں کوحقائق پرمبنی خبروں کو پتہ چلتا ہے لیکن جب یہ ادارہ فلمسازی شروع کرے گاتومجھے یقین ہے کہ ان کی فلمیں ہرلحاظ سے بین الاقوامی معیار کے عین مطابق ہوں گی اورلوگ ان کی فلمیں دیکھ کرخوب انٹرٹین ہوں گے۔

گلوکارعاطف اسلم نے کہا کہ ویسے توہمارے ہاں آئٹم سانگز پر مبنی فلموںکو دیکھنے کا رواج زیادہ ہے یا باڈی بلڈرہیروز کی فلمیں دیکھی جاتی ہیں ، موج مستی تواکثرہم کرتے رہتے ہیں لیکن میں لاہوریوں اورملک بھر میں بسنے والے لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہوں گاکہ وہ ایک اہم اورسنجیدہ موضوع پربننے والی فلم کوسینما گھروںمیں دیکھنے کیلئے ضرور پہنچیں۔ اس فلم میں ہمارے لئے بہت کچھ ہے اورہم لوگ اس فلم کو دیکھ کربہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فلم کیلئے میں نے ایک گیت ''میری ارج سنو'' ریکارڈ کروایا تھا ۔



جس کوزبردست رسپانس مل رہا تھا لیکن اس کے ساتھ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ ایک بہترین فلم ہے اوراس طرح کی فلمیں زیادہ سے زیادہ بننی چاہئیں۔ انھوں نے کہا کہ منفردموضوعات پرفلمیں بنانے کے ساتھ ساتھ میوزک پربھی خاص توجہ دینی چاہئے جو لوگوں کو بہت متاثر کرنے علاوہ فلم کی کامیابی میں اہم کردارادا کرتا ہے۔

اداکارہ وگلوکارہ میشا شفیع کا کہنا تھا کہ مجھے ایک چیلنجنگ رول میں کاسٹ کیا گیا تھا جس کوپرفارم کرنے میں ساتھی فنکاروں نے بہت مدد کی۔ خاص طور پربالی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ شبانہ اعظمی اوراوم پوری جیسے بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کرنا میرے لئے اعزاز سے کم نہیں تھا۔ یہ ایک بہترین تجربہ رہا جس کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میرے نانا حمیداخترمرحوم کا تعلق ادب وفنون لطیفہ سے تھا، میری والدہ صباحمید کسی تعارف کی محتاج نہیں اورمیں نے بھی اسی پروفیشن کاانتخاب کیا۔ اگرمیں ایسا نہ کرتی توشایداس تاریخی پراجیکٹ کا کبھی حصہ نہ بن پاتی۔ اس کے ساتھ ساتھ میں یہ بھی ضرور کہناچاہوں گی کہ 'ایکسپریس میڈیا گروپ' نے پریمیئر کی پروقار تقریب کا انعقاد کرکے میری خوشی کودوبالا کردیاہے۔

معروف ڈریس ڈیزائنرحسن شہریاریاسین، علی زیشان، ماریہ بی، فیاخان، سیبل ، حنا بٹ،سحراقبال اور عمارہ حکمت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ کمرشل فلموں کے میڈیا پارٹنر بننے کیلئے توہردوسرا میڈیا گروپ تیار رہتاہے۔ لیکن 'ایکسپریس میڈیا گروپ' نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ محب الوطن پاکستانی ہیں۔ یہ فلم ایسے پاکستانیوں اورمسلمانوں کی زندگی کی عکاسی کرتی ہے جو امریکا میں بستے ہیں اوراس کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مگران کے ساتھ جوسلوک کیاجاتا ہے اس پرسوائے افسوس کے کچھ نہیں کیا جاسکتا۔ امریکی خفیہ ایجنسیوں کے اہلکارہمارے ملک میں دندناتے پھرتے ہیں لیکن ان کوروکنے والے ہی ان کے رکھوالے بن بیٹھے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ 'ایکسپریس' نے ایک بہترین فلم کی بھرپورانداز سے تشہیر کی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی کثیر تعداد فلم دیکھنے کیلئے سینماہال پہنچی ہے۔

یہ ہمارے لئے ایک بہترین تفریح تھی اوراس فلم کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستانیوںکا سافٹ امیج بھی پہنچ رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد زیادہ سے زیادہ کرے۔ تاکہ لوگوں کو اس گھٹن زدہ ماحول میں تفریح کے چند لمحے میسر آسکیں۔



واضح رہے کہ 'ایکسپریس میڈیا گروپ' کے تعاون سے نمائش کیلئے پیش کی جانے والی فلم 'چنگیز' "The Reluctant Fundamentalist" کی ریلیز کے بعد ملک بھر میں فلم بینوںکی بڑی تعداد نے سینما گھروں کا رخ کررہی ہے اور ایک سنجیدہ موضوع پربنائی گئی فلم کو دیکھنے کے ساتھ ساتھ فنکاروں کی پرفارمنس کوسراہا رہی ہے۔

اس سلسلہ میں لاہور، کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، رالپنڈی ، سرگودھا اورگوجرنوالہ سمیت ملک بھرمیں فلم کو زبردست رسپانس مل رہاہے اورفیملیز کی بڑی تعداد سینما گھروںمیں پہنچ رہی ہے۔ جس کی وجہ سے بڑے شہروں کے سینما گھروں میں فلم کے تمام شوہاؤس فل جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں